پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کے روز شدید مندی کا رجحان رہا اور بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں ایک ہزار 123 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

منفی رجحان کے باعث 100 انڈیکس 39 ہزار کی سطح سے بھی نیچے آتے ہوئے 38 ہزار 785 پوائنٹس پر بند ہوا۔

تقریباً 287 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، کے الیکٹرک کے حصص کی قیمت میں 6 فیصد کمی ہوئی جبکہ ورلڈ کال، ٹی آر جی، جاپان پاور اور بینک آف پنجاب کے شیئرز کی قیمتوں میں بھی 5 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا متوازن آغاز

الیگزر سیکیورٹیز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’مارکیٹ میں شروعات سے ہی منفی رجحان دیکھا گیا جس کی بڑی وجہ طاہر القادری کی جانب سے ماڈل ٹاؤن واقعے پر حکومت کے خلاف مظاہرہ جبکہ اپوزیشن جماعتوں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی طرف سے ان کے احتجاج کی حمایت کا اعلان رہی۔‘

جمعرات کے روز مجموعی طور پر 16 کروڑ 30 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مجموعی مالیت 6 ارب 20 کروڑ روپے رہی۔

کاروباری حجم کے لحاظ سے پاور جنریشن اینڈ ڈسٹریبیوشن کا شعبہ نمایاں رہا جس میں 2 کروڑ 66 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں