گلیکسی ایس 8 آئی فون ایکس سے بہتر قرار

07 دسمبر 2017
ایک صارف آئی فون ایکس استعمال کرتے ہوئے — اے ایف پی فائل فوٹو
ایک صارف آئی فون ایکس استعمال کرتے ہوئے — اے ایف پی فائل فوٹو

ایپل نے اپنے آئی فون ایکس (10) کو کمپنی کی سب سے بہترین ڈیوائس قرار دیا، جسے مکمل طور پر ری ڈیزائن کرکے متعدد نئے فیچرز سے لیس کیا گیا، مگر پھر اسے سام سنگ کے گلیکسی ایس ایٹ سے کمتر قرار دے دیا گیا۔

دنیا بھر میں صارفین کی آراءپر ڈیوائسز کی درجہ بندی کرنے والی سائٹ کنزیومر رپورٹس کے مطابق 999 ڈالرز کا آئی فون ایکس تو آئی فون ایٹ سے مقابلے میں بھی پیچھے ہے۔

مزید پڑھیں : آئی فون ایکس کے بجائے آئی فون ایٹ کیوں خریدا جائے؟

اس سائٹ نے اپنے تجزیے میں آئی فون ایکس کے کیمرے اور ڈسپلے کو سراہا ہے مگر اس کی بیٹری لائف اور پائیداری پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر فونز زیادہ سخت جان اور ایک چارج پر زیادہ دورانیے تک چلتے ہیں۔

سائٹ کے مطابق آئی فون ایکس کی قیمت بہت زیادہ رکھی گئی ہے حالانکہ اسے نقصان جلد پہنچنے کا امکان زیادہ ہے۔

اس سائٹ نے صارفین کے لیے جن دس فونز کی خریداری کا مشورہ دیا، اس میں گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس سب سے اوپر ہیں۔

اس کے بعد ایپل کے آئی فون ایٹ اور ایٹ پلس کا نمبر ہے جو کہ بقول اس سائٹ کے آئی فون ایکس سے زیادہ سخت جان ہیں جبکہ ہوم بٹن کی موجودگی کے باعث لوگوں کو نئی ٹیکنالوجی کو سیکھنے کے لیے ذہن لڑانا نہیں پڑتا۔

سائٹ کی رپورٹ میں ایس ایٹ، ایس ایٹ پلس، آئی فون ایٹ اور آئی فون ایٹ پلس کو سو میں سے 81 نمبر دیئے گئے ہیں جبکہ آئی فون ایکس کے حصے میں 80 نمبر آئے۔

درحقیقت یہان بھی گلیکسی نوٹ ایٹ، گلیکسی ایس ایٹ ایکٹیو اور گلیکسی ایس سیون یعنی سام سنگ کی ڈیوائسز آئی فون ایکس کے برابر اسکور لینے میں کامیاب رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون ایکس کے لیے دنیا بھر میں لمبی قطاریں

اس سائٹ کے مختلف ٹیسٹس کے دوران آئی فون ایکس کی بیٹری لائف ناقص قرار دی گئی جو کہ 19.5 گھنٹے ہے، جبکہ ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس کی 26 گھنٹے بیٹری لائف ہے۔

اسی طرح آئی فون ایکس نیچے گرنے کی صورت میں بہت جلد خراب ہوجاتا ہے جبکہ خراشیں تو رگڑ سے بھی پڑجاتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں