کراچی: ملک کے مختلف حصوں میں چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کے باعث سرد اور خشک موسم نے ملک کے بالائی علاقوں سمیت میدانی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو بھی ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ سردی کی یہ لہر آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے غلام مرتضیٰ کے مطابق سرد ہواؤں کے باعث ملک میں سب سے زیادہ سردی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پڑی، جہاں درجہ حرارت منفی 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

ادھر کراچی کو بھی سائیبیریا کی ہواؤں نے گھیرے میں لے رکھا ہے، محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ صورتحال 8 دسمبر تک برقرار رہے گی۔

مزید پڑھیں: سرد موسم کے جسم پر مرتب ہونے والے حیران کن اثرات

گزشتہ روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 27.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں سرد اور خشک موسم جمعہ کی رات تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات لاہور کے ترجمان علمدار حسین نے بتایا پنجاب کے مختلف اضلاع اور کشمیر کے زیادہ تر مقامات پرموسم سرد اور خشک رہا جبکہ جمعے کو بھی پنجاب اور کشمیر کے چند مقامات پر مطلع آبر آلود رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب میں کم سے کم درجہ حرارت کامرہ میں 0.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کشمیر کا سرد ترین مقام راولاکوٹ رہا، جہاں درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

علاوہ ازیں سندھ کے محکمہ موسمیات کے ترجمان ظفر محمود نے بتایا کہ سندھ میں موسم خشک رہنے اور رات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

سندھ کے اوپری علاقوں میں موسم خشک، سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دیگر حصوں میں رات کے وقت سرد ہوائیں اور صبح میں دھند رہ سکتی ہے۔

سندھ کا سب سے سرد مقام موہن جو دڑو رہا جہاں درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم کا راج رہا، کوئٹہ کے محکمہ موسمیات کے ترجمان خاور فریال نے امکان ظاہر کیا کہ یہ صورتحال جمعے کو بھی جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بدلتے موسم دماغ پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں؟

مختلف اضلاع میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے کرگیا، جیسے قلات میں درجہ حرارت منفی 8، دالبندین اور سمنگلی میں منفی 6، خضدار میں منفی 2.5، سبی میں منفی 2 اور پنجگور میں منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں ( فاٹا) کے مختلف حصوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہا جبکہ جمعے کو بھی یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں سب سے کم درجہ حرارت اپر دیر میں کالام کے مقام پر منفی 5 ڈگری رہا، اس کے علاوہ چترال میں منفی 3، پاراچنار میں منفی 2 اور مالم جبہ میں منفی 1 ریکارڈ کیا گیا۔


یہ خبر 08 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں