—فائل فوٹو: نیو انڈین ایکسپریس
—فائل فوٹو: نیو انڈین ایکسپریس

گزشتہ ماہ ہولی وڈ کی آنے والی فلم ’ملان‘ کی ہیروئن تلاش کرنے کے لیے جہاں دنیا کے پانچ براعظموں کی ایک ہزار لڑکیوں کا اوڈیشن کیا گیا تھا، وہیں اب بولی وڈ کی آنے والی فلم ’سپر 30‘ میں طالب علموں کا کردار نبھانے کے لیے ٹیم نے کم سے کم 15 ہزار نوجوانوں کے اوڈیشن کیے ہیں۔

خیال رہے کہ ’سپر 30‘ کی کہانی ریاضی میں مہارت رکھنے والے ہندوستانی استاد آنند کمار کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے 30 قابل لیکن غریب طلبہ کو انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی جیسے بہترین ادارے کے داخلی امتحان کے لیے تیار کیا اور کامیاب ہوئے، وہ اس وقت اپنا تعلیمی پروگرام ’سُپر 30‘ چلا رہے ہیں۔

فلم میں ریاضی کے ماہر آنند کمار کا کردار اداکار ہریتھک روشن کرتے نظر آئیں گے۔

اگرچہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے، تاہم فلم کی ٹیم کو فلم میں ہریتھک روشن کے طلبہ کا کردار نبھانے والے کم سے کم 30 طلبہ کی تلاش تھی۔

فلم کی ٹیم نے 30 ہونہار طلبہ کو تلاش کرنے کے لیے بھارت بھر کے 15 ہزار نوجوانوں کے اوڈیشنز اور انٹریوز کرڈالے۔

ان 15 ہزار نوجوانوں میں درجنوں لڑکیاں بھی شامل تھیں۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق فلم کی ٹیم نے ’بہار، ورناسی، بھوپال، ممبئی اور نئی دہلی‘ میں 15 ہزار نوجوانوں کے اوڈیشن کیے۔

فلم کی ٹیم نے ابتدائی مرحلے میں15 ہزار نوجوانوں میں سے 400 کو شارٹ لسٹ کیا تھا، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 200 نوجوانوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔

فلم کی ٹیم نے نوجوانوں کو مزید شارٹ لسٹ کرکے ان کی تعداد 150 تک محدود کردی، جس میں سے بھی مزید نوجوانوں کو شارٹ لسٹ کرکے ان کی تعداد 78 تک کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ہریتھک روشن ’ماہر ریاضیات‘ کے روپ میں

اب فلم کی ٹیم ان 78 نوجوانوں کے لیے تربیتی کیمپ شروع کرے گی، جس کے بعد طلبہ کو مزید شارٹ لسٹ کرکے صرف 30 طلبہ کو فلم کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

منتخب ہونے والے خوشنصیب طلبہ ’سپر تھرٹی‘ میں ہریتھک روشن کے طالب علم بنیں گے۔

تاہم دوسری جانب یہ خیال بھی کیا جا رہا ہے کہ فلم کی ٹیم عامر خان کی فلم ’دنگل‘ میں ان کی بیٹیوں کا کردار نبھانے والی فاطمہ ثناء شیخ، زائرہ وسیم سمیت سلمان خان کی 2015 میں آنے والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں بچی کا کردار نبھانے والی لڑکی کو بھی منتخب کرے گی۔

مزید پڑھیں: ہیروئن کے لیے ایک ہزار لڑکیوں کے اوڈیشن

فلم کی ٹیم نے 2011 میں آنے والی فلم ’چلر پارٹی‘ کے بچوں کو بھی شارٹ لسٹ کر رکھا ہے، تاہم آخری 30 خوشنصیب طالب علموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

فلم کی ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ 15 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کو شارٹ لسٹ کرنا چاہتی ہے۔

خیال رہے کہ ہدایت کار ویکاس بہل کی اس فلم کو 23 نومبر 2018 کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں