لبنان: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف لبنان میں قائم امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہر ہوا۔

لبنانی فورسز نے مظاہرین کو سفارخانے میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بیروت میں قائم امریکی سفارت خانے کے باہر فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہزاروں مظاہرین جمع ہوئے، جنہیں روکنے لیے فورسز نے آنسو گیس کا آزادانہ استعمال کیا۔

یہ پڑھیں: بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ، دہائیوں پرانے تنازع نے پھر سر اٹھالیا

اے ایف پی کے مطابق پتھر اور آنسو گیس سے کئی مظاہرین زخمی ہوئے۔

مظاہرین نے فلسطینی اور لبنانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔

اس موقع پر ایک گروپ نے احتجاجاً امریکی سفارت خانے کے باہر ڈونلڈ ٹرمپ کا پتلہ بھی نذر آتش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی پولیس کی فائرنگ، امام مسجد الاقصیٰ سمیت 14 افراد زخمی

واضح رہے کہ لبنان میں ہزاروں فلسطین پناہ گزین خاندان آباد ہیں جنہیں اسرائیلی فورسز نے ان کے گھروں پر قبضہ کرکے بے دخل کردیا تھا۔

اسرائیل نے 2006 میں حزب اللہ کے خلاف جنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 12 سو لبنانی جاں بحق ہوئے تھے جس میں کثیر تعداد میں عام شہریوں کی تھی۔


یہ خبر 10 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں