لکمل کی تباہ کن باؤلنگ، سری لنکا نے بھارت کو آؤٹ کلاس کردیا

10 دسمبر 2017
سورنگا لکمل نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 13 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
سورنگا لکمل نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 13 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

دھرم شالا: سری لنکا نے سورنگا لکمل کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بھارت کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 112 رنز پر آؤٹ کر کے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔

اتوار کو دھرم شالا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کے کپتان تھیسارا پریرا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

بھارت کیلئے میچ کا آغاز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا اور کپتان ویرات کوہلی کی خدمات سے محروم ٹیم صرف 29 رنز پر سات کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔

کپتان روہت شرما دو، شیکھر دھاون صفر، شریاس آیر نو، دنیش کارتھک صفر، منیش پانڈے دو، بھوونیشور کمار صفر اور ہردک پانڈیا دس رنز بنا سکے۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم ون ڈے کرکٹ میں اپنے سب سے کم اسکور پر آؤت ہونے کے خطرے سے دوچار تھی لیکن سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی مہمان ٹیم کے سامنے ڈٹ گئے۔

دھونی نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی کی اور وہ 112 کے اسکور پر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔

سورنگا لکمل نے کیریئر بیسٹ باؤلنگ کی اور 13 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نوان پرادیپ نے بھی دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں سری لنکا نے ہدف 20.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سابق کپتان اپل تھارنگا نے 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اینجلو میتھیوز 25 اور نروشن ڈکویلا 26 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

اس میچ میں فتح کی بدولت سری لنکا نے شکستوں کے سلسلے کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

سرنگا لکمل کو تباہ کن باؤلنگ پر مرد میدان قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں