جیکب آباد کی تحصیل تھل کے قریب ٹرک نے موٹرسائیکل کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک کم سن لڑکی سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

جیکب آباد کے ڈپٹی سپرینٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) علی سومرو کا کہنا تھا کہ ایک خاتون اپنے دو بیٹوں اور کم سن بچی کے ساتھ موٹر سائیکل میں جارہی تھیں کہ تحصیل تھل میں ایریگیشن چینل کے قریب تیز رفتار ٹرک نے کچل دیا۔

جاں بحق افراد کا تعلق تھل کے گاؤں دھنی بخش پہوڑ سے تھا جبکہ ان کی شناخت 40 سالہ زکیہ زوجہ حبیب الرحمٰن، 15 سالہ عبدالرحمٰن، 8 سالہ مجیب الرحمٰن اور 4 سالہ حمیرا کے نام سے ہوئی۔

متاثرہ خاندان شکار پور سے واپس آرہا تھا کہ پیچھے سے آتے ٹرک نے نشانہ بنایا جس کے باعث چاروں افراد موقع پر دم توڑ گئے۔

حادثے کے فوری بعد مقامی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ٹرک ڈرائیور عنایت اللہ برڑو کو گرفتار کرلیا جبکہ لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں