کراچی: ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلیاں

11 دسمبر 2017
دفاع پاکستان کونسل کی ریلی کا آغاز سفاری پارک سے ہوا—فوٹو: اے ایف پی
دفاع پاکستان کونسل کی ریلی کا آغاز سفاری پارک سے ہوا—فوٹو: اے ایف پی
مجلس وحدت المسلیمن کے کارکنوں نے ایم ٹی خان روڑ پر امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے—فوٹو:اے ایف پی
مجلس وحدت المسلیمن کے کارکنوں نے ایم ٹی خان روڑ پر امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے—فوٹو:اے ایف پی

کراچی میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور سفارت خانے کو تل ابیب سے منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

کراچی میں مرکزی احتجاجی ریلی امریکی قونصلیٹ کے قریب تک پہنچی جہاں امریکا اور اسرائیل کے پرچموں کو نذر آتش کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔

مجلس وحدت المسلیمن (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب مرکزی ریلی نمائش چورنگی سے شروع ہو کر ایم جناح روڑ سے ہوتے ہوئے امریکی قونصلیٹ کے قریب ایم ٹی خان روڑ پہنچی۔

شہر میں احتجاجی ریلیوں کے پیش نظر جگہ جگہ پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا جس نے امریکی قونصل خانے کی جانب جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔

کراچی جنوبی کے ڈی آئی جی آزاد خان کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے ایم ٹی خان روڑ سے آگے بڑھنے کی کوشش نہیں کی اور پرامن طریقے سے منتشر ہوگئے۔

ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں نے امریکی اور اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کیا تاہم کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں:لبنان میں فسلطین کے حق میں امریکی سفارخانے کے باہر مظاہرے

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ 'اگر عرب ریاستیں امریکا کے ساتھ 'گٹھ جوڑ' نہ کرتیں تو واشنگٹن مسلمانوں کے قبلہ اول کو یہودیوں کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی جرات نہ کرتا'۔

انھوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی قانون کی خلاف ورزی کی اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات پر مزید آگ بھڑکائی ہے۔

مذہبی رہنماؤں نے مسلمان حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے معمولی مفادات سے بالاتر ہوکر مشترکہ عمل کی تیاری کریں۔

اپنے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عرب ریاستیں امریکی ہتھیاروں کے بڑے برآمد کار ہیں اگر وہ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا حوصلہ دکھائیں تو ٹرمپ اپنے فیصلے کو واپس لینے پر مجبور ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا بیت المقدس سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے، عرب لیگ

یونیورسٹی روڑ سفاری پارک سے دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور جیل چورنگی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے بہادر آباد چورنگی سے نمائش چورنگی تک ایک ریلی نکالی گئی اور بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا گیا۔

کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو گروپ) کے کارکنوں کی جانب سے بھی احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں