فیس بک نے خاموشی سے پرانا فیچر ختم کردیا

11 دسمبر 2017
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

فیس بک نے خاموشی سے اپنے ایک سب سے پرانے فیچر کو ختم کردیا مگر لاکھوں افراد کو اس کا علم ہی نہیں ہوسکا۔

جی ہاں فیس بک نے 2011 میں ایک فیچر ٹِکر متعارف کرایا تھا جو کہ نیوزفیڈ کے دائیں جانب نظر آتا تھا اور اس میں لوگ اپنے دوستوں کی سرگرمیاں یا شیئرنگ وغیرہ کو دیکھ سکتے تھے۔

مگر اب فیس بک نے خاموشی سے اسے ختم کردیا ہے اور کمپنی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ اب یہ فیچر دستیاب نہیں۔

مزید پڑھیں : فیس بک کے سامنے آپ کا کوئی راز چھپا نہیں

فیس بک کی جانب سے وضاحت نہیں کی گئی کہ اس فیچر کو آخر کیوں ختم کیا گیا ہے۔

تاہم فیس بک کی جانب سے اکثر ایسے فیچرز کو اس لیے ختم کیا جاتا ہے کیونکہ اس کے خیال میں یوزر انگیج منٹ بڑھ نہیں رہی یا اشتہاری آمدنی کا ذریعہ نہیں بن رہا۔

فوٹو بشکریہ فیس بک
فوٹو بشکریہ فیس بک

کیا آپ نے اس کی کمی یا غائب ہونے کا نوٹس لیا ؟

ہوسکتا ہے کہ آپ کو یاد نہ ہو مگر پہلے کبھی فیس بک پر پوسٹس وقت کے لحاظ سے نظر آتی تھیں یعنی نئی پوسٹ اوپر اور پرانی پوسٹ نیچے، جسے 2011 میں الگورتھم فیڈ کے ذریعے بدل دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک کی ایک اور ایپ سامنے آنے کیلئے تیار

ٹِکر کو بھی اسی الگورتھم فیڈ کے ساتھ متعارف کرایا گیا تھا تاکہ لوگ اپنے دوستوں کی سرگرمیوں پر رئیل ٹائم میں نظر رکھ سکیں اور یہی وجہ ہے کہ اکثر لوگ اسے خوفناک فیچر بھی قرار دیتے تھے۔

جس پر احتجاج کے بعد فیس بک نے اسے میوٹ کرنے کا آپشن بھی دیا جسے بھی خاموشی سے ختم بھی کردیا گیا تھا۔

اب اس فیچر کے ختم ہونے کے بعد وہاں پیجز کی اپ ڈیٹ، ایونٹس، ٹرینڈنگ ٹاپکس اور اشتہارات کو دیا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں