آئرلینڈ کے بعد افغانستان کے بھی پہلے ٹیسٹ میچ کے حریف کا اعلان کردیا گیا اور افغانستان کی ٹیم اپنا پہلا ٹیسٹ میچ اگلے سال بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہل جوہری نے تصدیق کی کہ انڈیا اگلے سال افغانستان کی میزبانی کرے گا لیکن دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈ جلد میچ کی تاریخ کا فیصلہ کر لیں گے۔

آئرلینڈ کے ساتھ رواں سال جون میں آئی سی سی کی فل رکنیت حاصل کرنے کے بعد سے افغانستان ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے کسی حریف ملک کی تلاش میں تھا اور بھارت نے ان سے ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے حامی بھر لی ہے۔

یاد رہے کہ آئرلینڈ پہلے ہی آئندہ سال مئی میں پاکستان سے ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تصدیق کر چکا ہے۔

ابتدائی طور پر افغانستان کو زمبابوے سے پنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنا تھا لیکن پھر زمبابوین کرکٹ حکام نے افغانستان کو آگاہ کیا کہ وہ آئندہ سال مارچ میں ہونے والے ورلڈ کپ 2019 کے کوالیفائرز پر اپنی توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں اور اسی لیے کھلاڑیوں پر اضافی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے۔

ہندوستان کے آئندہ سال اکثر بیرون ملک سیریز کے پیش نظر امید ہے کہ افغانستان سے ٹیسٹ میچ کا انعقاد دورہ آسٹریلیا سے قبل کیا جائے گا لیکن حتمی تاریخ کا فیصلہ دونوں بورڈز کے حکام آئندہ ہفتے ملاقات میں کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں