اسلام آباد: الیکشن کمیش آف پاکستان (ای سی پی) نے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے انہیں ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے دائر درخواست پر جواب طلب کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ کو ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سکیش 36 کے، کے تحت ارشد وہرہ کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار بھی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن میں موجود تھے۔

مزید پڑھیں: ’آنے والے دنوں میں مزید لوگ ایم کیو ایم چھوڑ دیں گے‘

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ارشد وہرہ ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر ڈپٹی میئر کراچی منتخب ہوئے تھے اور اب انہوں نے اپنی وفاداری تبدیل کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت اختیار کر لی تاہم انہیں ڈپٹی میئر کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔

ڈپٹی میئر کراچی کی جانب سے ان کے وکیل حفیظ الدین ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ ایم کیو ایم کے سربراہ کی جانب سے ان کے وکیل اقبال قادری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ درخواست کے ساتھ اخبارات کے تراشے بھی پیش کیے گئے ہیں تاہم اس درخواست کی کاپی ارشد وہرہ کو بھی فراہم کی جائے۔

الیکشن کمیشن کی 5 رکنی بینچ نے ارشد وہرہ سے ایم کیو ایم سربراہ کی درخواست پر جواب طلب کرلیا تاہم ارشد وہرہ کے وکیل کے پاس پیٹیشن کی کاپی نا ہونے کی وجہ سے سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کا انضمام ناممکن، فاروق ستار

ارکانِ اسمبلی کے خلاف درخواست دائر

علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے 9 صوبائی اور 2 قومی رکنِ اسمبلی کے خلاف بھی ریفرنس دائر کردیا جنہوں نے پارٹی چھوڑ کر دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر لی۔

ایم کیو ایم نے جن ارکانِ قومی اسمبلی کے خلاف درخواست دائر کی گئی ان میں آصف حسنین اور سلمان بلوچ شامل ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے ارکان میں ارم عظیم فاروقی، شیخ عبداللہ، خالد بن ولایت، دلاور خان اور دیگر شامل ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کی جانب سے دائر درخواست میں ان اراکینِ اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 29 اکتوبر 2017 کو ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما اور ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا تھا۔

یاد رہے کہ 18 ستمبر 2017 کو ایم کیو ایم پاکستان کے رکنِ سندھ اسمبلی سید ندیم رضی نے پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

رواں ماہ 8 دسمبر کو ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے پارٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے محروم ہونے والے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے بھی پی ایس پی میں شامل ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں