فیس بک پر ایسے دوستوں کی کمی نہیں جس نے کوئی نئی چیز خریدی یا کوئی کارنامہ انجام دیا ہو اور پھر اس کی مسلسل تصاویر پوسٹ کر کے دیگر صارفین کو بیزار کردیا ہو۔

اب فیس بک نے آخرکار اس کا حل صارفین کے 'اپنے ہاتھوں' میں دے دیا اور وہ ہے اپنے دوست کی 'زبان بندی'۔

جی ہاں فیس بک نے ایک نئے ' سنوز' بٹن کو متعارف کرادیا ہے جو صارفین کو دوستوں یا پیجز کو فہرست میں رکھتے ہوئے ان کی تمام پوسٹس کو ایک ماہ کے لیے آپ کے نیوزفیڈ سے دور کردے گا۔

فیس بک کے مطابق کسی بھی پوسٹ کے ڈراپ ڈاﺅن مینیو پر کلک کرے دوستوں، گروپس یا پیجز کی پوسٹس کو ایک ماہ کے لیے 'چپ' کرایا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں : فیس بک فرینڈ ریکوئسٹ قبول نہ کرنے والوں کو پہچانیں

اس فیچر کی آزمائش رواں سال ستمبر میں شروع کی گئی تھی اور اب اسے فیس بک کے ہر صارف کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

صارفین اس کے ذریعے کسی کو بھی ان فالو یا سنوز کرسکتے ہیں، جبکہ اس سے قبل صرف ان فالو کا آپشن ہی موجود تھا۔

فیس بک کے مطابق بیشتر صارفین مخصوص افراد کی پوسٹس کو اپنے نیوزفیڈ پر دیکھنے سے عارضی طور پر بچنا چاہتے ہیں اور یہ فیچر اسی مقصد کے لیے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک کے سامنے آپ کا کوئی راز چھپا نہیں

ویسے تو فیس بک ہر وقت اپنے الگورتھم کے ذریعے نیوزفیڈ پر صارف کی ممکنہ دلچسپی والی پوسٹس کو دکھانے کی کوشش کرتی ہے مگر اس فیچر کے ذریعے صارفین اسے اپنی پسند سے بھی آگاہ کرسکیں گے۔

فیس بک کے خیال میں کسی کو ہمیشہ کے لیے ان فالو کرنے کے مقابلے میں یہ فیچر صارفین کو زیادہ پسند آئے گا کیونکہ مخصوص دورانیے کے بعد اس دوست کی پوسٹس دوبارہ نظر آنے لگیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں