اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے براہِ راست پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لیے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 19 دسمبر کو سینیٹ کی ہول ہاؤس کمیٹی کو ان کیمرہ بریفنگ دیں گے۔

اعلامیے کے مطابق یہ بریفنگ 19 دسمبر کو صبح 10 بجے سینیٹ ہال میں دی جائے گی جس میں آرمی چیف کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن (ڈی جی ایم او) میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی موجود ہوں گے۔

مزید پڑھیں: سینیٹرز کا اسلامی فوجی اتحاد کے ٹی او آرز پیش کرنے کا مطالبہ

پاک فوج کے سربراہ خطے کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دیں گے جبکہ پاک امریکا تعلقات اور اس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے سینیٹ کی ہول ہاؤس کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے۔

خیال رہے کہ جمعہ (15 دسمبر) کو بھی سینیٹرز کی جانب سے سعودی سربراہی میں قائم ہونے والی 41 ملکی فوجی اتحادی آئی ایم سی ٹی سی کے ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی او آر) کو خفیہ رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

سینیٹ اجلاس میں تحریک التوا پر بحث کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پارلیمنٹ اور وزارت خارجہ اسلامی فوجی اتحاد کے ٹرمز آف ریفرنس سے مکمل طور پر لاعلم ہیں اور حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کو نہ ہی ٹی او آر پر اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی معلومات دی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ کمیٹی میں امریکی فیصلے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران کا دورہ کیا اور اس دوران کیا معاملات طے پائے، اس حوالے سے پارلیمنٹ کو معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

سینیٹرز کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ انہیں آئی ایم سی ٹی سی کے ٹی او آر اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ ایران کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں