—فائل فوٹو: اسٹارز انفولڈ
—فائل فوٹو: اسٹارز انفولڈ

بولی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ ریکھا نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی کی مقبول اداکارہ سمیتا پٹیل ان سے کہیں زیادہ بہتر اداکارہ تھیں۔

ریکھا نے مزید کہا کہ سمیتا پٹیل کیمرے کے سامنے بے خوف ہوکر اداکاری کرتی تھیں، ان کی آنکھیں اتنی خوبصورت تھیں کہ وہ کوئی لفظ کہے بغیر بھی بہت کچھ کہ جاتی تھیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) کے مطابق سمیتا پٹیل میموریل کے تحت ہونے والی ایوارڈ تقریب میں پہلا سمیتا پٹیل ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ریکھا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میموریل کی ٹیم نے انہیں ایوارڈ کیلئے منتخب کرکے صحیح کیا، کیوں کہ ان کے خیال میں وہی اس ایوارڈ کی حقدار تھیں۔

—فوٹو: پی ٹی آئی
—فوٹو: پی ٹی آئی

خیال رہے کہ سمیتا پٹیل میموریل ایوارڈ ہر دوسرے سال بولی وڈ اداکاروں کو ان کی منفرد و ورسٹائل اداکاری کے باعث دیا جاتا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ 63 سالہ ریکھا کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سمیتا پاٹیل کی زندگی پر کتاب

ایوارڈ تقریب میں خطاب کے دوران ریکھا نے مزید کہا کہ سمیتا پٹیل کا اسٹائل اور انداز سب سے نمایاں تھا، جب کہ وہ کیمرے کے سامنے بے خوف اداکاری کرتی تھیں۔

ریکھا کے مطابق سمیتا پٹیل کی آنکھیں بہت کچھ کہتی تھیں،ان کی آنکھیں اتنی خوبصورت تھیں کہ جیسے وہ کچھ بیان کر رہی ہوں۔

#rekha #smithapatilmemorialaward2017.

A post shared by filmsquare (@film77square) on

ریکھا نے سمیتا پٹیل کو اپنی چھوٹی بہن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اداکاری کی 30 سال قبل ہی معترف ہوگئی تھیں، انہیں احساس ہوچکا تھا کہ سمیتا پٹیل بہت ہی بڑی اداکارہ ہیں۔

ایوارڈ تقریب سے سمیتا پٹیل کے بیٹے پریٹیک ببر نے بھی خطاب کیا، اور کہا کہ انہیں اپنی والدہ کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارنے کا موقع نہیں ملا۔

سمیتا پاٹیل 31 برس کی عمر میں چل بسیں تھیں—فوٹو: انڈیا ٹو ڈے
سمیتا پاٹیل 31 برس کی عمر میں چل بسیں تھیں—فوٹو: انڈیا ٹو ڈے

مزید پڑھیں: سدا بہار ریکھا

خیال رہے کہ سمیتا پٹیل 31 سال کی عمر میں 13 دسمبر 1986 کو انتقال کر گئی تھیں۔

اداکارہ کی موت دوران زچگی ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ہوئی۔

سمیتا پٹیل نے ہندی سمیت دیگر ہندوستانی زبان کی 80 فلموں میں اداکاری کی، انہوں نے کم عمری میں ہی فلم انڈسٹری میں اچھا مقام حاصل کیا۔

سمیتا پٹیل نے نہ صرف نیشنل اور فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیے، بلکہ انہیں پدماشری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ان کی مقبول فلموں میں ’بھومیکا، چکرہ، بازار، ارتھ، منڈی، آکروش، ستم اور صبح‘ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں