پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ملاقات کی اور زور دیا کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں آصف زرداری نے مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ سندھ میں جاری منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے اور ان کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سابق صدر کو صوبے کے اندر جاری ترقیاتی منصوبوں، بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبے اور تھرکول اور توانائی کے پلانٹ کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

زرداری کا کہنا تھا کہ 'منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبے کے عوام کے بہترین مفاد میں ہوگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئلے سے توانائی کی پیدوار کا خواب بینظیر بھٹو کا تھا جبکہ علاقے میں ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس کے دوران بینظیر بھٹو کی دسویں برسی کو منانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اور سندھ بھر اور دیگر صوبوں میں پارٹی کی جانب سے ترتیب دیے گئے عوامی اجتماعات پر بھی مشاورت کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں