گزشتہ برس جون میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھارت کے پہلے خلاباز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم ’سلیوٹ‘ میں خلاباز کا کردار ادا کریں گے۔

رواں برس جون میں بھی یہ خبریں آئی تھیں کہ عامر خان ٹھگس آف ہندوستان کی شوٹنگ سے فری ہونے کے بعد ’سلیوٹ‘ کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔

تاہم گزشتہ ماہ سے یہ چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ ممکنہ طور پر عامر خان ’سلیوٹ‘ میں کام نہیں کریں گے، اس کی وجہ تو سامنے نہیں آسکی، تاہم مسٹرپرفیکشنسٹ خود خلاباز بننے سے ہٹ گئے۔

تاہم اب اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ فلم ’سلیوٹ‘ میں خلاباز کا کردار شاہ رخ خان ادا کرتے نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان خلاباز بنیں گے

دکن کیرونیکل نے فلم ’سلیوٹ‘ کے انتہائی قریبی ذرائع سے اپنی خبر میں دعویٰ کیا کہ شاہ رخ خان نے عامر خان کا کہا مان لیا، اور وہ فلم میں راکیش شرما بننے کے لیے تیار ہوگئے۔

خبر کے مطابق مسٹرپرفیکشنسٹ نے شاہ رخ خان سے ذاتی ملاقات کرکے انہیں اس بات پر قائل کیا کہ وہ فلم ’سلیوٹ‘ میں راکیش شرما بننے کے لیے راضی ہوجائیں۔

عامر خان نے بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کو کہا کہ ’سلیوٹ‘ کا اسکرپٹ بہت ہی جاندار ہے، اس لیے انہیں اس فلم میں لازمی کام کرنا چاہیے۔

عامر خان نے نہ صرف شاہ رخ خان کو فلم کے لیے راضی کیا، بلکہ انہوں نے فلم پروڈیوسر سدھارتھ رائے کپور کو بھی یہ تجویز دی کہ فلم میں رنویر سنگھ اور رنبیر کپور کے بجائے شاہ رخ کو کاسٹ کیا جائے۔

عامر خان کی کوششوں کے بعد شاہ رخ خان اور سدھارتھ رائے کپور کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں بولی وڈ بادشاہ نے فلم میں کام کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ میں پہلی بار ناسا کون گیا؟

اب ’سلیوٹ‘ میں عامر خان نہیں بلکہ شاہ رخ خان پہلے بھارتی خلاباز راکیش شرما کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو 2018 کے آخر تک ریلیز کردیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا۔

خیال رہے کہ راکیش شرما ہندوستان کے پہلے ایئر فورس پائلٹ تھے، جنہوں نے 1984 میں خلاء کا سفر کیا تھا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران جب اُس دور کے ہندوستانی وزیراعظم اندرا گاندھی نے راکیش شرما سے سوال کیا تھا کہ خلاء سے ہندوستان کیسا نظر آیا تو ان کے جواب نے سب کا دل جیت لیا تھا، انہوں نے جواب میں علامہ اقبال کا شعر گنگنایا تھا کہ ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا‘۔

راکیش شرما ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائیزیشن‘ (آئی ایس آر او) اور ’سوویت انٹرکوسموس اسپیس پروگرام‘ کے مشترکہ پروگرام کے تحت خلاء میں گئے تھے۔

راکیش شرما نے خلاء میں 7 دن، 21 گھنٹے اور 40 منٹ تک قیام کیا تھا۔

راکیش شرما کی اس وقت عمر 68 برس ہوچکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں