’ہچکی‘ میں رانی کا کردار کس سے متاثر ہوکر بنایا گیا؟

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2017
فلم میں رانی نے ٹیچر کا کردار ادا کیا —۔
فلم میں رانی نے ٹیچر کا کردار ادا کیا —۔

بولی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی تین سالوں بعد اپنی فلم ’ہچکی‘ کے ساتھ فلمی اسکرین پر واپسی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وہ آخری مرتبہ 2014 کی فلم ’مردانی‘ میں کام کرتی نظر آئیں تھی، جس میں انہوں نے پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا تھا۔

رانی مکھرجی کی فلم ’ہچکی‘ میں وہ ایک ٹیچر کے روپ میں نظر آئیں گی، جو ایک دماغی مرض (Tourette syndrome) کا شکار ہیں، یہ ایک اعصابی عارضہ ہے جس میں رعشہ، اعضا کا تشخج واقعہ ہوتا ہے اور منہ سے بے ساختہ آوازیں نکلتی ہیں۔

مزید پڑھیں: رانی مکھرجی کی ’ہچکی‘ کے ساتھ واپسی

لیکن رانی مکھرجی کا یہ کردار کس سے متاثر ہوکر بنایا گیا؟

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس سوال کا جواب دیتے ہوئے رانی مکھرجی کا کہنا تھا کہ ان کی فلم میں یہ کردار کسی اور سے نہیں بلکہ رانی کی اسکول ٹیچرز سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا۔

اس حوالے سے رانی مکھرجی کا کہنا تھا کہ ’میرے اسکول میں بہت سی ٹیچرز تھیں جن سے میں بےحد متاثر تھی، انہوں نے ہمیں اس بہترین انداز سے پڑھایا، جس کے بعد ہمیں گھر جاکر دوبارہ پڑھنے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، ہر بچے کے ساتھ انہوں نے ایک جیسا سلوک کیا، ہمیں پڑھائی کرنے میں بےحد مزا آتا تھا اور میں نے ایسا ہی کچھ اپنی فلم ہچکی میں دکھانے کی کوشش کی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہچکی‘ میں رانی مکھرجی ٹیچر کے روپ میں

خیال رہے کہ فلم ’ہچکی‘ کی ہدایات سدھارتھ پی ملہوترا دے رہے ہیں، جبکہ اس کی پروڈکشن منیش شرما اور یش راج فلمز کے بینر تلے کی گئی ہے۔

حال ہی میں اس فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کیا گیا جسے رانی کے ساتھیوں سمیت مداحوں نے بےحد پسند کیا۔

واضح رہے کہ تین سال بعد فلم ’ہچکی‘ میں کام کرنے کی رضامندی دینے کے حوالے سے رانی کا کہنا تھا کہ ’میں ایک ایسے اسکرپٹ کا انتظار کررہی تھی جو مجھے متاثر کرسکے اور پھر 'ہچکی' کا اسکرپٹ مجھے ملا، ہم سب میں ہی کوئی ایسی کمزوری ہے جو ہمیں پیچھے کردیتی ہے، یہ کوئی معذوری بھی ہوسکتی ہے یا کوئی شرط، لیکن اگر ہم اسے صرف ایک ہچکی سمجھیں، تو ہم اس سے جیت سکتے ہیں‘۔

فلم ’ہچکی‘ اگلے سال 23 فروری کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں