اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پہلی مرتبہ اعلان کیا ہے کہ عوام کیلئے نیب میں شکایات درج کرانا کا عمل اب نہایت آسان بنا دیا گیا ہے اور تمام نیب ہیڈکوارٹرز کو براہ راست عوامی شکایات سننے کی ہدایت کردی گئی۔

نیب تک عوام کی رسائی کا فیصلہ چیئرمین نیب (ر) جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے ادارے کے ہیڈ کوارٹر میں کرپشن سے متعلق عوام کی شکایات سننے کے بعد کیا گیا۔

قبل ازیں چیئرمین نے شکایت گزاروں سے ان کی شکایت موصول کی تھیں لیکن گزشتہ روز انہوں نے تمام مقامی ہیڈ کوارٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ ہر مہینے کے آخری جمعرات کے دن عوام کی شکایات سنی جائیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق نیب چیئرمین نے عوامی شکایات سننے کے بعد نیب کے مقامی بیورو کے ڈائریکٹر جنرلز (ڈی جیز) کو انفرادی طور پر ہدایات جاری کیں کہ کرپشن سے متعلق عوامی شکایات ہر مہینے کے آخری جمعرات کے دن دوپہر 2 بجے سے 4 بجے تک سنی جائیں تاکہ جو شکایات قانون پر پورا اترتی ہوں ان پر عمل کیا جاسکے۔

مزید پڑھیں: نیب کا 56 پبلک سیکٹر کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ

خیال رہے کہ موجودہ نیب چیئرمین کی تقرری سے قبل بیورو میں براہ راست شکایات درج کرانے کی روایت نہیں تھی اور درخواست گزار کو شکایت درج کرانے کے لیے ایک مشکل اور طویل مرحلے سے گزرنا پڑتا تھا۔

اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب چیئرمین نے 50 سے زائد شکایات سنیں اور ہر شکایت گزار سے انفرادی طور پر ملاقات بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کچہری کے کھلنے کے اوقات 2 گھنٹے تھے لیکن اس ملاقات میں نیب چیئرمین نے 7 گھنٹے تک شکایات سنیں۔

اس ملاقات کے دوران چیئرمین نے کئی کیسز سے متعلق نیب حکام سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے معلومات طلب کیں اور نوٹس بھی لیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جاوید اقبال نے ملک کے مختلف مقامات سے آئی عوام کی شکایات سنیں اور انہیں ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کا این ٹی ایس کے خلاف تحقیقات تیز کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ نیب تمام شکایات کے لیے ایک کمپیوٹرائزڈ نظام تیار کر رہا ہے جس کے تحت شکایت کو چیئرمین نیب خود دیکھیں گے اور پھر اسےمتعلقہ نیب حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

نیب چیئرمین نے زور دیا کہ کرپشن میں ملوث افراد کو چھوڑا نہیں جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لاتے ہوئے لوٹی گئی تمام رقم کو قومی خزانے میں جمع کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بغیر کسی کے اثر میں آئے سب کا احتساب کرنے کے قانون پر عمل کروں گا۔

نیب نے شکایت گزاروں سے گزارش کی ہے کہ وقت کی پابندی کریں اور کرپشن سے متعلق تمام دستاویزات، اپنا قومی شناختی کارڈ کے ساتھ اپنی درخواست لے کر آئیں۔


یہ خبر 29 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں