کک نے 45 سال پرانا ریکارڈ توڑ کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا

اپ ڈیٹ 09 جنوری 2018
ایلسٹر کک نے 27 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 244 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
ایلسٹر کک نے 27 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 244 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

میلبرن: انگلینڈ کے اسٹار اوپننگ بیٹسمین ایلسٹرکک نے انفرادی طور پر بڑی ٹیسٹ اننگز کے ساتھ بیٹ کیری کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

کک آسٹریلیا کے خلاف جاری چوتھے ایشز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک اینڈ پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح حریف باؤلرز کے سامنے ڈٹے رہے تاہم دوسرے جانب کھلاڑی ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

تجربہ کار بلے باز نے 244 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ اسکور کے ساتھ بیٹ کیری کرنے والے بلے باز بن گئے۔

اس سے قبل بیٹ کیری کرتے ہوئے سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے گلین ٹرنر کے پاس تھا جنہوں نے 1972 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میں ناقابل شکست 223 رنز کی اننگز کھیل کر بیٹ کیری کیا تھا۔

اس اننگز کے دوران کک1997 کے بعد بیٹ کیری کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بھی بن گئے، اس سے قبل سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے 20 برس قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 94 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں