ٹیکسلا: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، حکمران جماعت کے طور پر انتہائی نازک دور سے گز رہی ہے۔

ڈھوک نادر ٹیکسلا میں پارٹی ورکرز اور واہ کینٹ ہوٹل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے یوتھ ونگ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی قیادت کو مشورہ دیا کہ جذبات کے بجائے حکمت عملی کے ذریعے فیصلے کیے جائیں جبکہ کچھ فیصلوں میں مشاورت کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں غیر ضروری تصادم سے گریز کریں۔

موجودہ حالات اور آئندہ انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک موثر اور اتفاق رائے پر مبنی اعلانیہ پیش کرے۔

مزید پڑھیں: ملکی ترقی کیلئے دھرنوں کا باب بند کرنا ہوگا: چوہدری نثار

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا کررہا ہے اور بدقسمتی سے کچھ دوست بھی اس ملک کی بنیادیں کمزور کرنے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کچھ معاملات پر اختلاف اور تحفظات ہیں لیکن وہ مسلم لیگ (ن) کے وفادار رہیں گے۔

اپنے خطاب کے دوران کسی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ میں قومی اور سیاسی اہمیت کے مختلف معاملات پرخاموش نہیں رہ سکتا اور تمام فورمز پر میں رائے کا اظہار کرتا ہوں آیا وہ کسی کے لیے قابل قبول ہو یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے ہمیشہ ترقی اور فلاح و بہبود کی مثبت سیاست پر عمل کیا ہے، ہم نے ہر دور حکومت میں عوامی خدمت اور قومی ترقی کے ایجنڈے کو ترجیح دی ہے اور ان شعبوں میں شاندار ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز ( پی او ایف) کے ملازمین کے حقوق کے لیے کھڑے ہوئے ہیں اور وہ ان کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پی او ایف کے دورہ کے موقع پر ملازمین سے کیے گئے تمام وعدے پورے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کا نام سیاست ہے اور ہم نے لوگوں کی خدمت کی ہے اور یہ ہم اسے اپنا مشن سمجھتے ہیں۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے کیونکہ وسائل لوگوں کی امانت ہے اور شفاف ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے اٹھائے گئے اقدامت اس کا ثبوت تھے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار کی (ن) لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کی تردید

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر پالیسی اپنائی گئی اور اربوں روپوں کو بچایا گیا جبکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کے دلوں میں رہتی ہے کیونکہ جماعت نے عوامی خدمات کے لیے ریکارڈ کام کیا اور ملکی ترقی کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں اور میرے لیے اس سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں ہے کہ میں ٹیکسلا، واہ اور دیگر علاقوں کے لوگوں کی خدمت کروں۔


یہ رپورٹ 31 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں