فیصل آباد: پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نے عرب قیادت سے مسلم امہ کے مسائل پر بات چیت کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کیس کی رپورٹ منظر عام پر آگئی تاہم ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے لیکن ڈاکٹر طاہر القادری 15 دن سے رپورٹ میں درج حقائق کا تذکرہ کرکے عوام کو بےقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

یہ پڑھیں: رانا ثناء اللہ کا متنازع بیان،مسلم لیگ کے 5 ارکان پارلیمنٹ مستعفی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج کی باتیں بے معنی ہیں کیوں کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عالمی منڈی میں ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے پیٹرول کی قمیتوں پر فرق پڑا جس میں تنزلی آئندہ ہفتے ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی مداخلت پر رانا ثنا اللہ کے استعفے کا معاملہ موخر

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشروف کے خلاف بغاوت کا کیس مسلم لیگ (ن) کا ذاتی نہیں بلکہ وفاقی حکومت کا دائرکردہ ہے اور عدالتوں کو چاہیے کہ کیس کی سماعت میں اتنی ہی رفتار دکھائیں جتنی وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کررہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عوام نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے مخالفین کا مقابلہ کریں گے اور اسی وجہ سے شیخ رشید اور عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں