بولی وڈ پروڈیوسر اور ہدایت کار کرن جوہر کا بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کے ساتھ تعلق خاصہ اچھا نہیں، جس کے بارے میں اب تک سب ہی جان چکے ہیں۔

کنگنا رناوٹ نے گزشتہ سال کرن جوہر کے شو کافی ود کرن پر سیف علی خان کے ساتھ شرکت کی، جس کے بعد انہوں نے کرن پر بولی وڈ میں اقرباء پروری کرنے کے ساتھ اور بہت سے الزام بھی عائد کیے۔

اس شو کے بعد کنگنا اور کرن جوہر کے درمیان ہونے والا تنازع وقت کے ساتھ ساتھ بُری شکل اختیار کرتا گیا۔

مزید پڑھیں: آئیفا ایوارڈز: کرن، سیف اور ورن نے اڑایا کنگنا کا مذاق

تاہم کرن جوہر اس سب کے باوجود بھی کنگنا رناوٹ کو اپنے کسی بھی شو پر دوبارہ بلانے سے نہیں کترا رہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اپنے جلد نشر ہونے والے شو ’انڈیا نیکسٹ سپر اسٹارز‘ پر کنگنا رناوٹ کو مہمان کے طور پر بلانے کے حوالے سے کرن جوہر نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے اگر اسٹار پلس نے کنگنا کو یہاں آنے کی دعوت دی، تو مجھے بےحد خوشی ہوگی، ہمارا دل بڑا ہے، اور ہمارے گھر کا دروازہ سب کے لیے کھلا ہے، میں خوشی، پیار اور احترام سے اس شو پر ان کا استقبال کروں گا‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نشر ہونے والے شو کافی ود کرن کے دوران ایک موقع پر کرن جوہر نے جب کنگنا سے سوال کیا کہ وہ اپنی سوانح حیات کو کیا نام دیں گی، تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'اگر میں کبھی اپنی سوانح حیات لکھوں، تو اس میں ایک پورا مضمون شامل کروں گی، جس کا نام ہوگا کرن جوہر کی اقرباء پروری'۔

یہ بھی پڑھیں: 'اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو چھوڑ دیں'

جس کے بعد ایک تقریب میں 'کافی ود کرن' کی مذکورہ قسط کے حوالے سے کرن جوہر نے کنگنا رناوٹ کو بولی وڈ چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'میں تھک چکا ہوں کنگنا کے ہر وقت عورت ہونے کی حیثیت سے خود کو مظلوم ثابت کرنے کے قصے سن سن کر، آپ ہر وقت خود کو مظلوم ثابت نہیں کرسکتے، ہر وقت ایک دکھی کہانی نہیں سنا سکتے، اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو اسے چھوڑ دیں'۔

تاہم اس بحث کا اختتام یہیں پر نہیں ہوا، بعد ازاں جب کنگنا رناوٹ سے کرن جوہر کے دیے گئے مشورے پر سوال کیا گیا تو اداکارہ نے انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’انڈین فلم انڈسٹری ایک چھوٹا فلم اسٹوڈیو نہیں جو کرن جوہر کو ان کے والد نے ورثے میں دیا، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا تعلق ہر ہندوستانی سے ہے اور اس میں باہر سے آنے والے فنکاروں کی بہت جگہ ہے جیسے کہ میں، جس کے والدین کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ مجھے باقاعدہ ٹریننگ دے سکتے، میں نے اپنا کام سیکھا ہے اور اس کا معاوضہ لیتی ہوں، کرن جوہر کوئی نہیں ہوتے مجھے یہ کہنے والے کہ میں انڈسٹری کو چھوڑ دوں، میں کہیں بھی نہیں جانے والی'۔

مزید پڑھیں: 'میں بھی اقرباء پروری کا ذمہ دار ہوں'

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر کرن جوہر کی 2014 کی ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، جس میں وہ خود اقرباء پروری کی بات کرتے ہوئے اپنے آپ کو بھی اس عمل کا مجرم قرار دیتے نظر آئے۔

اس ویڈیو میں کرن جوہر کا بولی وڈ میں اقرباء پروری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کے علاوہ اور بہت سی وجوہات ہیں جو آپ کو ایک اسٹار بناتی ہیں، بہت سارے قابل لوگ موجود ہیں جنہیں صحیح پلیٹ فارم نہیں ملتا'۔

تاہم بعدازاں کرن جوہر نے این ڈی ٹی وی کو دیے ایک انٹرویو میں اقرباء پروری اور کنگنا پر دوبارہ بات نہ کرنے کا عہد کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں