پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے بعد بشریٰ مانیکا کے بیٹے نے بھی اپنی والدہ کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ شادی کی خبروں کی تردید کر دی۔

نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے بشریٰ مانیکا کے بیٹے محمد موسیٰ مانیکا نے کہا کہ ان کی والدہ کی عمران خان کے ساتھ شادی کی خبر میں صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس حوالے سے میری اپنی والدہ سے بھی بات ہوئی ہے اور انہوں نے بھی اس خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔‘

موسیٰ مانیکا نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)لاہور میں دلہن کے قریبی دوست کے گھر نکاح کی تقریب منعقد ہونے سے بھی انکار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی تیسری شادی، پی ٹی آئی رہنماؤں کی تردید

انہوں نے والدین کے درمیان علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’بشریٰ میری والدہ ہیں اور میں جانتا ہوں کہ وہ کیا قدم اٹھا سکتی ہیں۔‘

قبل ازیں عمران خان کی مبینہ تیسری شادی کی خبروں کو ان کے پارٹی رہنماؤں نے بے بنیاد قرار دیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان کو سپریم کورٹ نے بے قصور ٹھرا دیا تو اب ان کی تیسری شادی کی کہانیاں بنائی جارہی ہیں۔

عمران خان کے پالیٹیکل سیکریٹری عون چوہدری نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ صحافت ہے، جبکہ یہ خبر بالکل جھوٹی اور بے بنیاد ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے بھی عمران خان کی تیسری شادی کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی تیسری شادی؟کپتان کا ماننے سے انکار

یاد رہے کہ جولائی 2016 میں بھی عمران خان کی تیسری شادی کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں۔

تاہم پی ٹی آئی چیئرمین نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’فی الحال تیسری شادی نہیں ہوئی اور جب شادی کروں گا تو سب کو بتاؤں گا۔‘

تبصرے (0) بند ہیں