چائنیز کھانا یقیناً سب کو بےحد پسند ہے، لیکن لوگ سمجھتے ہیں کہ ان پکوانوں کو گھر میں بنانا نہایت مشکل کام ہے۔

پر یہ خیال دراصل بالکل غلط ہے۔

باقی کھانوں کی طرح چائنیز کھانا گھر پر بنانا نہایت آسان ہے، اور اپنے باورچی خانے میں بنانے کی وجہ سے آپ اسے نہایت صفائی سے تیار کرسکتے ہیں۔

بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی چاولوں کے ساتھ چکن منچورین کھانا بےحد پسند ہے، اس لیے آج یہاں اس کی نہایت آسان اور مزیدار ترکیب دی جارہی ہے۔

اس ڈش میں زیادہ تر گھر میں استعمال کی جانے والی عام اجزاء شامل ہیں، اس لیے یہ ڈش آپ کے بجٹ کے لیے بھی کافی مناسب رہے گی۔

اجزاء:

مرغی کے لیے:

چکن - ½ کلو بون لیس

نمک- یک چائے کا چمچ

لہسن - ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ - ½ چائے کا چمچ

کٹی لال مرچ- ایک کھانے کا چمچ

سویا ساس - ڈیڑھ کھانے کے چمچ

کارن فلور - 4 کھانے کے چمچ

انڈا - ایک

تیل- تلنے کے لیے

سالن کے لیے:

تیل - 2 کھانے کے چمچ

لہسن - کٹا ہوا ایک کھانے کا چمچ

ادرک - کٹا ہوا ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ - کٹی ہوئی دو سے تین

ہری پیار - ¼ کپ

شملہ مرچ - ایک کیوب کی شکل میں کٹی ہوئی

پیار - ایک کیوب کی شکل میں کٹی ہوئی

نمک - ایک کھانے کا چمچ یا حسب ذائقہ

لال مرچ پاؤڈر - ½ کھانے کا چمچ

سرکہ - ایک کھانے کا چمچ

سویا ساس - ایک کھانے کا چمچ

ٹماٹو کیچپ - ¼ کپ

چلی گارلک ساس - ¼ کپ

چینی - ایک چائے کا چمچ

پانی - ایک کپ

کارن فلور - 2 کھانے کے چمچ

ترکیب:

ایک پیالے میں چکن، نمک، لہسن، کالی مرچ، کٹی لال مرچ، سویا ساس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں، پھر اس میں کارن فلور اور انڈا شامل کریں اور دوبارہ مکس کریں، کچھ دیر میرینیٹ کے بعد اس چکن کو فرائی کر کے علیحدہ رکھ لیں۔

منچورین بنانے کے لیے پتیلی میں تیل ڈالیں، لہسن ادرک شامل کریں، ہری مرچ اور ہری پیاز شامل کریں اور 30 سیکنڈ فرائی کرلیں۔

اب شملہ مرچ اور پیار شامل کرکے 30 سیکنڈ کے لیے فرائی کرلیں، اس میں فرائی کی ہوئی چکن، نمک، لال مرچ، سرکا، سویا ساس، کیچپ، چلی گارلک ساس اور چینی شامل کرکے مکس کرلیں۔

بعدازاں ایک کپ پانی ڈالیں، اور ہلکا ابال آنے پر کارن فلور پانی میں مکس کرکے شامل کریں، سالن گاڑھا ہوجائے تو آنچ بند کردیں۔

مزیدار چکن منچورین سفید چاولوں کے ساتھ گھر والوں کے سامنے پیش کریں۔

فوٹو/شٹر اسٹاک
فوٹو/شٹر اسٹاک

تبصرے (0) بند ہیں