ڈیونیڈن: نیوزی لینڈ کے باؤلرز پاکستان کے خلاف سیریز میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن کیوی قائد پاکستان کے ٹیل اینڈرز کی مزاحمت سے پریشان نظر آتے ہیں اور انہوں نے اپنے باؤلرز سے تیسرے میچ میں مزید بہتر کارکردگی کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان کے خلاف سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

لیکن دونوں ہی میچوں میں پاکستان کے ٹیل اینڈرز نے بہتر کھیل پیش کر کے ٹیم کی لاج رکھتے ہوئے معقول مجموعے تک رسائی دلائی اور پاکستانی ٹیل اینڈرز کی اس مزاحمت کی وجہ سے کین ولیمسن پریشان نظر آتے ہیں۔

پہلے ون ڈے میچ میں پانچ وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان اور فہیم اشرف نے فخر زمان کا ساتھ نبھا کر مزاحمت دکھائی لیکن دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو اس وقت حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب 141 رنز پر سات مستند کھلاڑی آؤٹ کرنے کے باوجود پاکستان نے نو وکٹ کے نقصان پر 246 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

کین ولیمسن نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ میں کافی گہرائی ہے جو ایک اچھی ٹیم کی نشانی ہے، ان کی لوئر آرڈر نے اہم شراکت بنا کر ایک ایسا ہدف مقرر کیا جو ہمارے لیے مشکل ثابت ہو سکتا تھا اور ہمارے لیے ضروری ہے ہم اس چیز سے سبق سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے باؤلرز کو اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اب بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

ادھر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا کہ اب ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے اور تیسرا ون ڈے جیت کر سیریز بچانے کی کوشش کریں گے۔

لیگ اسپن آل راؤنڈر نے کہا کہ میں ان کنڈیشنز میں بیٹنگ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں لیکن یہاں کی وکٹیں اور کنڈیشنز میری باؤلنگ کیلئے زیادہ سازگار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں میں ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن کوشش کریں گے کہ اگلے میچ میں بھرپور پریکٹس کے ساتھ میدان میں اتر کر میچ جیتنے کی کوشش کریں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں