ویلنگٹن: آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی مہم کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا ہے اور افغانستان نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا۔

ہفتے کو نیوزی لینڈ میں انڈر 19 ورلڈ کپ کا آغاز ہو گیا جہاں پاکستان ٹیم کے کپتان حسان خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا۔

قومی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 47.4 اوورز میں 188 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، روحیل نذیر کے سوا پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، نذیر 81 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ اور قیاس احمد نے 3، 3 اور نوین الحق نے2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ایونٹ کا پہلا اپ سیٹ کر دیا۔

افغانستان کی جانب سے درویش رسولی نے ڈٹ کر گرین شرٹس کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ رحمت اللہ 31 اور اکرام 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ادھر دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو اپنے پہلے ہی میچ میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کیگن سیمنز 92 اور میلیوس 78 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو 123 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم دونوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ جواب میں نیوزی لینڈ انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 39.3 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، فن ایلن نے 115 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی جبکہ جیکب بوہلا 83 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

بنگلہ دیش انڈر 19 نے بارش سے متاثرہ میچ میں نمیبیا انڈر 19 کو 87 رنز سے زیر کیا۔

بارش کے باعث 20 اوورز تک محدود کیے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 190 رنز بنائے، کپتان حسن سیف نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور محمد نعیم 60 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

جواب میں نمیبیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 103 رنز تک محدود رہی، وان وک 55 رنز بنا کر بنا کر نمایاں رہے۔

ایک اور میچ میں زمبابوے انڈر 19 نے پاپوا نیو گنی انڈر 19 کو 10 وکٹوں سے ہرا کر کامیابی سمیٹی۔ فاتح ٹیم نے 96 رنز کا آسان ہدف 14 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان حاصل کیا، ویسلے 53 اور ڈالر 41 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں