دوسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کے بھارت کے خلاف پہلے روز269 رنز

14 جنوری 2018
ہاشم آملہ نے 82 رنز بنائے —فوٹو:اے ایف پی
ہاشم آملہ نے 82 رنز بنائے —فوٹو:اے ایف پی

جنوبی افریقہ کی ٹیم بھارت کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز اچھے آغاز کے بعد ایشون کی بہترین باؤلنگ کے سامنے لڑکھڑا گئی تاہم پہلے روز کے اختتام تک 6 وکٹوں پر 269 رنز بنالیے اور کپتان فیف ڈیوپلیسی وکٹ پر موجود ہیں۔

سینچورین میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فیف ڈیوپلیسی نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مرکرام اور ڈین ایلگر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 85 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ایشون نے 31 رنز بنانے والے ایلگر کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

جنوبی افریقہ کا اسکور جب 148 رنز پر پہنچا تھا تو 94 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے والے اوپنر ایڈن مرکرام بھی ایشون کی گیند پر پویلین لوٹ گئے اور ڈی ویلیئرز جنوبی افریقہ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز تھے جنھوں نے20 رنز بنائے تھے۔

ہاشم آملہ نے جنوبی افریقہ کے اسکور کو 246 رنز تک لانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم وہ 82 رنز بنا کرایک تیز رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے تو ٹیم کے چار صف اول کے بلے باز آؤٹ ہوکر واپس جا چکے تھے۔

تجربہ کار بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر ڈی کوک اور فلینڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو میزبان ٹیم خاصا دباؤ کا شکار ہوئی تاہم مشکل وقت میں نئے بلےباز کیشومہاراج نے کپتان فیف ڈیوپلیسی کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے پہلے دن کے کھیل کا اختتام کرلیا۔

سنچورین میں جب پہلے دن کھیل کا خاتمہ ہوا تو جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لیے تھے۔

کپتان ڈیوپلیسی 24 اور مہاراج 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

بھارت کی جانب سے ایشون نے 3 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں