پاکستان کرکٹ ٹیم کے عظیم سابق بلے باز یونس خان نے موجودہ کپتان سرفراز احمد کو اپنی ذانی کارکردگی کو بہتر بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چمپیئنزٹرافی کی کارکردگی کی بنا پر زیادہ دیر چل نہیں پائیں گے۔

یونس خان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'سرفرازاحمد نے چمپئنز ٹرافی کو پاکستان لایا لیکن حالیہ چند میچوں میں ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے اس لیے انھیں اپنی کارکردگی پر توجہ دینے اور سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے'۔

پاکستان کے کامیاب ترین بلےباز کا کہنا تھا کہ 'بحیثیت کپتان آپ پر اضافی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن آپ کو اپنی کارکردگی کو بھی بہتر کرنا پڑتا ہے'۔

خیال رہے کہ سرفرازاحمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے جہاں ایک روزہ سیریز کے ابتدائی تینوں میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سیریز بھی نیوزی لینڈ کے نام ہوگئی۔

مزید پڑھیں:پاکستان تیسرے ون ڈے میں 74 رنز پر ڈھیر، سیریز نیوزی لینڈ کے نام

یونس کا کہنا تھا کہ 'سرفرازاحمد کو اپنے آپ کو بھی وقت دینا ہوگا اور اپنی فٹنس کے ساتھ ساتھ کارکردگی کو بہتر کرنے کی صلاحیت کے لیے وقت دینا پڑے گا'۔

انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد کے پاس وقت ہے تاہم نیوزی لینڈ میں کنڈیشنز بہت مشکل ہوتی ہیں اور ان کی ٹیم کو اس سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا اور پاکستانی ٹیم میں ان بہانوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے کارکردگی کو بہتر کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم کی ماضی میں کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ٹیم جب بھی نیوزی لینڈ میں کھیلنے کے لیے جاتی ہے تو اس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہاں کی صورت حال انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے علاوہ آسٹریلیا سے مختلف ہوتی ہے'۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ'ان پر نکتہ چینی کے بجائے ان کی حمایت کرنی چاہیے لیکن انھیں بھی وہاں کی صورت حال سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا کیونکہ وہ ہر شکست پر حالات کا بہانہ نہیں کرسکتے'۔

یہ بھی پڑھیں:سیریز کے بعد ٹیم سے کارکردگی پر پوچھیں گے،چیف سلیکٹر

ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے سابق بلےباز نے کہا کہ 'انھیں اپنی صلاحیتوں اور وقت کے مطابق بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا اور کنڈیشنز کے مطابق صلاحیت کو ابھاریں کیونکہ ہر میچ کے بعد الزامات سے نہیں کھیل سکتے'۔

ایک سوال پر یونس خان نے کہا کہ 'میں یوبی ایل کے ساتھ کام کررہا ہوں لیکن اگر قومی ٹیم کو بیٹنگ کوچ کے لیے جب بھی ضرورت ہوگی میں ہمیشہ دستیاب ہوں گا'۔

خیال رہے کہ یونس خان نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے دورے میں ہی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا جہاں انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا تھا ور پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں