جنوبی افریقہ، بھارت دوسرا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

16 جنوری 2018
جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے بھارت کی 7 وکٹیں درکار ہیں—فوٹو:اے ایف پی
جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے بھارت کی 7 وکٹیں درکار ہیں—فوٹو:اے ایف پی

بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چوتھے روز تین وکٹوں کے نقصان پر 35 رنز بنا لیے جس کے بعد یہ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔

سنچورین میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 90 رنز بنا لیے تھے جبکہ اے بی ڈی ولیئرز 50 اور ڈین ایلگر 36 رنز پر کھیل رہے تھے۔

جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بلے باز ڈی ولیئرز چوتھے روز آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 144 کے مجموعے پر 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد صرف 7 رنز کے اضافے پر ایلگر بھی پویلین لوٹ گئے۔

تجربہ کار بلے بازوں کے آؤٹ ہوتے ہی جنوبی افریقی بلے باز بڑا اسکور ترتیب دینے میں ناکام رہے اور مسلسل آؤٹ ہوتے رہے تاہم کپتان فیف ڈیوپلیسی نے 48 رنز بنا کر اسکور کو 258 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ورنن فلینڈر نے 26 رنز بنائے اور کپتان کا ساتھ نبھایا جبکہ مورنے مورکل نے آؤٹ ہوئے بغیر 10 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، بمرا 3 اور اشانت شرما نے 2 وکٹیں حاصل کرلیں۔

بھارت کی جانب سے جب 287 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا گیا تو پہلی وکٹ 11 رنز پر گر گئی جب مرلی وجے 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 16 کے اسکور پر راہول 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو 26 کے اسکور پر پویلین بھیجنے میں کامیابی حاصل کرلی تاہم چتیشور پجارا 11 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں اور روہت شرما جیسے تجربہ کار بلے باز بھی کھیلنے آئیں گے۔

دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کا اختتام ہوا تو بھارت نے 3 وکٹوں پر 35 رنز بنائے تھے اور انھیں جیت کے لیے مزید 252 رنز درکار ہیں۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں