جنوبی افریقہ کی بھارت کو شکست، سیریز میں2-0 کی فیصلہ کن برتری

17 جنوری 2018
جنوبی افریقہ نے سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی—فوٹو:اے ایف پی
جنوبی افریقہ نے سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی—فوٹو:اے ایف پی
جنوبی افریقہ نے سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی—فوٹو:اے پی
جنوبی افریقہ نے سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی—فوٹو:اے پی

جنوبی افریقہ نے بھارت کو تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں لونگی نگیڈی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت 135 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

سنچورین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں جب آخری روز کھیل کا آغاز ہوا تو بھارتی ٹیم نے 3 وکٹوں پر35 رنز بنائے تھے، چیتشور پوجارا 11 اور پارتھیو پٹیل 5 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم چوتھے ہی اوور میں پوجارا 19 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

پارتھیو پٹیل بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 19 رنز بنانے کے بعد ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کی چھٹی وکٹ 83 کے اسکور پر گری جب ہرڈک پانڈیا 6 رنز بنانے کے بعد نگیڈی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد نگیڈی نے 3 رنز پر کھیلنے والے ایشون کو بھی آؤٹ کردیا۔

بھارت کے لیے آخری امید روہت شرما تھے جو 141 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جو 47 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

روہت شرما کے آؤٹ ہوتے ہی محمد شامی کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 28 رنز بنا کر نگیڈی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے جبکہ جسپریت بمرا کی صورت میں آخری وکٹ 151 رنز پر گری اور یوں بھارت کو 135 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے نگیڈی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور بھارت کے 6 بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ ربادا کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔

جنوبی افریقہ نے اس کامیابی کے ساتھ تین میچوں کی سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

نگیڈی کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں