اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کو پارلیمنٹیرینز نے ہی تباہ کیا کیونکہ یہاں بیٹھے لوگ فراڈ کرنے والوں کو پارٹی قائد بنانے کے لیے اسمبلی سے قانون پاس کرارہے ہیں۔

بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے حکومت کی اور قوم کا پیسہ لوٹ کر منی لانڈرنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہل میٹل کے ذریعے اپنی رقم اپنے ملازمین اور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو بھیجتے تھے اور یہ رقم پاکستان سے دبئی اور پھر آگے جاتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہل میٹل سے متعلق ہماری ٹیم نے نئے انکشافات کیے ہیں جبکہ حدیبیہ پیپر ملز بھی منی لانڈرنگ کے لیے بنائی گئی تھی‘۔

مزید پڑھیں: ’پارلیمنٹ کو گالی دینے کا حق کسی کو حاصل نہیں‘

عمران خان نے کہا کہ 1999 میں نواز شریف کی دولت میں تیزی سے اضافہ ہوا اور پاناما کے بعد انکشاف ہوا شریف خاندان کی 16 کمپنیاں تھیں اور شریف خاندان کی ان کمپنیوں میں 300 ارب روپے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے چوری کا بلیک پیسہ باہر جا کر وائٹ ہو کر واپس آجاتا تھا۔

عمران خان نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ خود پارلیمنٹ پر ایک دھبہ ہے، اور امریکا میں جاکر ڈونلڈ ٹرمپ کی زبان بولتے رہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے پارلیمینٹ کی بے حرمتی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارا وزیر خارجہ دبئی میں نوکری کررہا ہے اور ان کے بینک اکاؤنٹ سے پیسہ امریکا جارہا ہے، کیا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو معلوم نہیں کہ خواجہ آصف بیرونِ ملک نوکری بھی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’پارلیمنٹ کو گالی دینے کا حق کسی کو حاصل نہیں‘

گزشتہ روز پارلیمنٹ کے حوالے سے اپنے ریمارکس پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ایک بلڈنگ کا نام ہے جسے اس میں موجود پارلیمنٹیرینز اپنے کردار سے اوپر یا نیچے لیکر جاتے ہیں‘۔

عمران خان نے کہا کہ ’پارلیمنٹ کو پارلیمنٹیرینز نے ہی تباہ کیا کیونکہ یہاں بیٹھے لوگ فراڈ کرنے والوں کو پارٹی قائد بنانے کے لیے اسمبلی سے قانون پاس کرارہے ہیں‘۔

انہوں نے جنگ اور جیو میڈیا گروپ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے پبلک اکاؤنٹس کو منظر عام پر لائیں تاکہ ان کے یہ خدشات دور ہو سکیں کہ اس گروپ کو کسی اور کی جانب سے رقوم موصول نہیں ہورہیں کیونکہ ادارہ تو پہلے ہی نقصان میں چل رہا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو طلب کرنے پر ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور چیئرمین نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ قوم لُٹی ہوئی ہے، ترسی ہوئی ہے، یہ آپ ہی کی طرف دیکھ رہی ہے‘۔

مزید دیکھیں: قومی اسمبلی سے استعفے سے متعلق عمران خان کا فیصلہ

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے زیرِ انتظام ایک جسلے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے کا عندیہ دیا تھا جبکہ پارلیمنٹ کے لیے ’لعنت‘ کا لفظ بھی استعمال کیا تھا۔

18 جنوری کو پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے عمران خان کے ریمارکس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کو گالی دینے کا حق کسی کو نہیں، اگر پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگوں نے ہی گالیاں دیں تو دوسرے ادارے بھی ایوان کی عزت نہیں کریں گے۔

ادھر لاہور کے مال روڈ پر اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی جلسے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ کے لیے ‘لعنت’ کا لفظ استعمال کرنے اور عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف قومی اسمبلی نے عمران خان اور شیخ رشید کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرلی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں