’کیا میری بولی وڈ سیلفی ایلن کی ہولی وڈ سیلفی کو ہرا دے گی؟‘

19 جنوری 2018
اس سیلفی میں ابھیشیک بچن، ویوک اوبرائے، سارہ خان، مدھر بھنڈارکر، امیتابھ بچن، ایشوریا رائے اور امتیاز علی بھی موجود ہیں — فوٹو : نیتن ہاو ٹوئٹر اکاؤنٹ
اس سیلفی میں ابھیشیک بچن، ویوک اوبرائے، سارہ خان، مدھر بھنڈارکر، امیتابھ بچن، ایشوریا رائے اور امتیاز علی بھی موجود ہیں — فوٹو : نیتن ہاو ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے 6 روزہ بھارتی دورے کے دوران صرف سیاسی پہلوؤں پر ہی بات چیت نہیں کہ بلکہ ہندوستان کی کامیاب انٹرٹینمنٹ انڈسٹری بولی وڈ کی کئی نامور شخصیات سے بھی ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نے ایک یادگار سیلفی بھی لی، جس میں ان کے ساتھ امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، کرن جوہر اور دیگر بولی وڈ شخصیات موجود تھیں۔

ان کے علاوہ سیلفی میں ابھیشیک بچن، ویوک اوبرائے، سارا علی خان، مدھر بھنڈارکر اور امتیاز علی بھی نظر آ رہے تھے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اس تصویر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جس پر انہوں نے لکھا کہ ’کیا میری بولی وڈ سیلفی ایلن کی آسکرز میں لی گئی ہولی وڈ سیلفی کو ہرا دے گی؟‘

واضح رہے کہ ایلن کی جس سیلفی کی بات نیتن یاہو کررہے ہیں وہ 2014 کی مقبول ترین سیلفی تھی، جس میں ہولی وڈ کی بہت سی نامور شخصیات موجود تھیں۔

خیال رہے کہ نیتن یاہو اپنی اہلیہ سارہ کے ہمراہ دہلی میں بھارتی فلم سازوں کے لیے اسرائیل میں نئے مواقع پر مبنی ایونٹ کا حصہ بنے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس ایونٹ میں بولی وڈ اسٹار امیتابھ بچن نے اسرائیلی وزیراعظم کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دنیا بولی وڈ سے محبت کرتی ہے، اسرائیل بولی وڈ سے محبت کرتا ہے اور میں بھی بولی وڈ کو بےحد پسند کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے معلوم ہوا کے امیتابھ بچن کے ٹوئٹر پر مجھ سے 3 کروڑ فالوورز زیادہ ہیں اور یہ بات کافی دلچسپ ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی نیتن یاہو کی سیلفی کو ری ٹویٹ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں