’پدماوت‘ کے باعث ’پیڈمین‘ کی ریلیز تاریخ تبدیل

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2018
فلم ’پدماوت‘ 25 جنوری جبکہ فلم ’پیڈمین‘ 9 فروری کو ریلیز ہوگی —۔
فلم ’پدماوت‘ 25 جنوری جبکہ فلم ’پیڈمین‘ 9 فروری کو ریلیز ہوگی —۔

بولی وڈ کی دو بڑی فلمیں ’پدماوت‘ اور ’پیڈمین‘ رواں ماہ 25 جنوری کو مقابلے پر ریلیز کے لیے تیار تھیں، تاہم اب یہ دونوں فلمیں الگ الگ دنوں پر ریلیز کی جائیں گی۔

رپورٹس کے مطابق فلم ’پدماوت‘ کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے اکشے کمار سے ملاقات کی اور اس میٹنگ میں ان دونوں نے مقابلے ہونے پر باکس آفس پر ہونے والے بزنس میں نقصان پر بات کی۔

جس کے بعد اکشے کمار نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی فلم ’پیڈمین‘ 25 جنوری کے بجائے 9 فروری کو ریلیز کے لیے پیش کریں گے۔

فلم کی ریلیز تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان اکشے کمار اور سنجے لیلا بھنسالی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس دوران سنجے بھنسالی کا کہنا تھا کہ وہ ایسا کرنے پر اکشے کمار کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔

جبکہ اکشے کمار نے کہا کہ ’میں نے سنجے کے ساتھ بہت سی فلموں میں کام کیا ہے، وہ میرے بہت اچھے دوست ہیں، اس لیے میں نے سوچا کے کم از کم اتنا تو کرنا چاہیے‘۔

اکشے کمار اور سنجے بھنسالی میڈیا سے بات کرتے ہوئے — فوٹو بشکریہ/ بولی وڈ لائف
اکشے کمار اور سنجے بھنسالی میڈیا سے بات کرتے ہوئے — فوٹو بشکریہ/ بولی وڈ لائف

سنجے بھنسالی نے مزید کہا کہ ’یہ تاریخ ان کی تھی، ہم نے ان سے کہا تبدیل کرنے کا اور انہوں نے منٹ بھی نہیں لگایا اور اپنی فلم کی ریلیز آگے بڑھا دی‘۔

خیال رہے کہ فلم ’پدماوت‘ کے مداح طویل عرصے سے انتظار کررہے ہیں کیوں کہ اس سے قبل اسے گزشتہ سال یکم دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم فلم کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے اس کی ریلیز مؤخر کی گئی۔

اس لیے اگر یہ دنوں فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہوتی تو یقیناً شائقین بڑی تعداد میں پدماوت دیکھنے سینما گھر پہنچتے۔

فلم ’پدماوت‘ جس کا نام پہلے ’پدماوتی‘ رکھا گیا تھا چتور گڑھ کی رانی پدمنی کی کہانی ہے جن کی خوبصورتی کی چرچا سن کر ظالم بادشاہ علاؤالدین خلجی ان کا دیوانہ ہوجاتا ہے، اور انہیں حاصل کرنے کے لیے چتور گڑھ پر حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کو بھی مروا دیتا ہے۔

اس فلم میں دپیکا پڈوکون رانی پدمنی، شاہد کپور راجا راول رتن سنگھ اور رنویر سنگھ علاؤالدین خلجی کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

دوسری جانب فلم ’پیڈمین‘ کی کہانی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹور کے سماجی کارکن اروناچلم مروگناتھم کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔

اروناچلم مروگناتھم نے اپنے علاقے میں محدود وسائل اور بے شمار مسائل کے باوجود خواتین کے لیے ماحول دوست سینیٹری پیڈز بنائے، اور انہیں شرمساری سے محفوظ کیا.

اروناچلم مروگناتھم کو ان کی کاوشوں کے عوض پدما شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں