دنیا بھر میں 50 کروڑ کمانے والی پہلی پاکستانی فلم

20 جنوری 2018
’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا ریکارڈ توڑ دیا —۔
’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا ریکارڈ توڑ دیا —۔

2017 کی رومانوی کامیڈی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کو نہ صرف تجزیہ کاروں اور شائقین کے اچھے ریویوز ملے تھے، بلکہ فلم نے باکس آفس پر شاندار بزنس بھی کیا، جبکہ اب فلم نے ایک نیا ریکارڈ بھی بنالیا ہے۔

ندیم بیگ کی ہدایات میں بننے والی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ دنیا بھر میں 50 کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم بن چکی ہے۔

اس خبر کا اعلان فلم میں مزاحیہ اداکاری کرنے والے احمد علی بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا۔

احمد علی بٹ نے فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے پوسٹرز شیئر کرنے کے ساتھ اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پنجاب نہیں جاؤں گی نے پچھلے تمام ریکارڈز توڑنے کے ساتھ دنیا بھر میں 50 کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم بننے کا ریکارڈ بنالیا، اور اب تک یہ سینما گھروں میں کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے‘۔

خیال رہے کہ اس فلم سے قبل ندیم بیگ کی ہدایات میں بننے والی 2015 کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی فلم تھی۔

فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں ہمایوں سعید، مہوش حیات اور عروہ حسین نے مرکزی کردار ادا کیے، جبکہ احمد علی بٹ اور صبا حمید اہم کرداروں میں جلوہ گر ہوئے۔

دوسری جانب 2015 کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں بھی ہمایوں سعید، مہوش حیات کے ساتھ واسع چوہدری، احمد علی بٹ، حمزہ علی عباسی، ثروت گیلانی اور سوہائے علی آبڑو مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں