خوبصورت بالوں کے اشتہار میں پہلی بار باحجاب ماڈل

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2018
حجاب پہننے کا مطلب یہ نہیں کہ مجھے اپنی ذلفوں سے محبت نہیں، امینہ خان—فوٹو: انسٹاگرام
حجاب پہننے کا مطلب یہ نہیں کہ مجھے اپنی ذلفوں سے محبت نہیں، امینہ خان—فوٹو: انسٹاگرام

آج تک دنیا میں جس بھی چیز کی تشہیر کی جاتی ہے، اسے اشتہار میں دنیا کے سامنے انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کیا جاتا ہے، تاکہ دیکھنے والے اس سے متاثر ہوکر وہ چیز خریدیں۔

لیکن تاریخ میں پہلی بارایسا ہوا ہے کہ دنیا کے معروف میک اپ برانڈ ’لوریل‘ نے اپنے ہیئر کلر کی تشہیر کے لیے بالوں کو دکھائے بغیر اپنے کلر کی تشہیر کی ہے۔

فرانسیسی میک اپ برانڈ نے اپنے ایک ہیئر کلر کے اشتہار میں ایک مسلمان باحجاب ماڈل کا انتخاب کیا ہے، جو بالوں کو خوبصورت بنانے والے ہیئر کی کلر کی تعریف تو کرتی ہیں، مگر ان کے بال ہی نظر نہیں آتے۔

اگرچہ باحجاب مسلمان ماڈل کے ساتھ ’لوریل‘ نے اس اشتہار میں کئی ایسی ماڈلز کو بھی دکھایا ہے، جن کے بال کھلے ہوئے ہیں، تاہم برطانوی مسلمان ماڈل و یوٹیوب بلاگر امینہ خان کے بال ان کے حجاب میں چھپے ہوئے ہیں۔

امینہ خان نے ’لوریل‘ کی اس انوکھے اشتہار کی ایک مختصر ویڈیو بھی اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں وہ ان خواتین کے ساتھ نظر آ رہی ہیں، جن کے بال کھلے ہوئے ہیں، لیکن ان کے بال حجاب میں ڈھکے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیشن میں حجاب کا بڑھتا رجحان

انہوں نے اشتہار کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس اشتہار کو ’گیم چینجر‘ قرار دیا، ساتھ ہی انہوں نے اپنے بالوں سے اپنی محبت سے متعلق بھی کہا کہ وہ ان سے بہت پیار کرتی ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ خالصتا بالوں کے اشتہار میں بالوں کو ہی نہیں دکھایا گیا۔

کمپنی کے مطابق اس اشتہار کے ذریعے وہ ان مسلمان خواتین کو پیغام دینا چاہتی ہے کہ بالوں کی حفاظت اور ان کی خوبصورتی کا حجاب سے کوئی تعلق نہیں، حجاب میں ڈھکی ہوئی ذلفوں کو بھی اسی طرح حسین بنایا جاسکتا ہے، جس طرح خواتین اپنے کھلے بالوں کو بناتی ہیں۔

مزید پڑھیں:حجابی خاتون پر ایپل کا نیا ایموجی

اس اشتہار پر عالمی میڈیا نے بھی اچھے تبصرے کیے ہیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ اس منفرد اشتہار کے بعد ’لوریل‘ کے ہیئر کلرز سمیت دیگر مصنوعات میں مسلمان ممالک کے اندر فروخت میں اضافہ ہوگا۔

🌹

A post shared by Amena (@amenaofficial) on

خیال رہے کہ ’لوریل‘ نے اس اشتہار میں جس مسلم ماڈل امینہ خان کا انتخاب کیا، وہ گزشتہ کئی سال سے حجاب میں ہی مختلف برانڈز کی تشہیر کرتی آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مصر میں باحجاب نیوز کاسٹر

انہوں نے 20 سال کی عمر سے حجاب پہننا شروع کیا، اور اسی کے ساتھ ہی ماڈلنگ کی دنیا میں انٹری دی۔

انہیں نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپی ممالک کے مختلف برانڈز سمیت مسلمان ممالک کے برانڈز بھی اپنی تشہیر کا حصہ بناتے آئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں