انگلش کاؤنٹی لیسٹرشائر نے 2018 کے سیزن کیلئے پاکستانی فاسٹ باؤلرز محمد عباس اور سہیل خان کی خدمات حاصل کر لی ہیں جہاں یہ دونوں کھلاڑی لیسٹر شائر کو ٹرافی جتوانے کی کوشش کریں گے۔

لیسٹر شائر کیلئے پال نکسن اس سال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات شروع کرنے والے ہیں اور انہوں نے سیزن کے آغاز سے قبل ہی پاکستانی فاسٹ باؤلرز محمد عباس اور سہیل خان کی خدمات حاصل کر کے اپنے خطرنام عزائم ظاہر کر دیے ہیں۔

گزشتہ سال ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اب تک پانچ ٹیسٹ میچوں میں 21.34 کی متاثر کن اوسط سے 23 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

عباس 20 اپریل کو لیسٹر شائر کے پہلے چیمپیئن شپ میچ کیلئے انہیں دستیاب ہوں گے لیکن پاکستان کے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں ممکنہ طور پر شرکت کی وجہ سے وہ کچھ عرصے کیلئے کاؤنٹی کو دستیاب نہیں ہوں گے لیکن ماہ جون کے اختتام سے وہ ایک مرتبہ کاؤنٹی کیلئے خدمات انجام دے سکیں گے۔

2016 میں دورہ انگلینڈ کے موقع پر ایجبسٹن اور اوول کی اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دینے والے سہیل خان، عباس کی غیر موجودگی میں ان کا خلا پر کریں گے۔

وہ چار چیمپیئن شپ میچوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ رائل لندن کپ کی مہم کا بھی حصہ ہوں گے۔

لیسٹر شائر کے کوچ پال نکسن نے کہا کہ ہم غیرملکی کھلاڑیوں کی شکل میں معیاری فاسٹ باؤلرز کی تلاش میں تھے اور محمد عباس ہر لحاظ سے ہمارے معیار پر پورا اترتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عباس کی غیرموجودگی میں ایک بہترین متبادل کی ضرورت تھی اور انگلش کنڈیشنز میں تجربے اور سفید و لال گیند سے سہیل خان کے متاثر کن ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے وہ ایک بہترین متبادل ثابت ہو سکتے ہیں۔

2017 میں لیسٹر شائر چیمپیئن شپ میں سب سے آخری نمبر پر موجود تھی اور یہ پانچ سال میں چوتھا موقع تھا کہ انہوں نے آخری نمبر پر سیزن کا اختتام کیا۔

عباس اور سہیل خان سے قبل عمر اکمل اور عبدالرزاق بھی لیسٹر شائر کاؤنٹی کیلئے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں