پاکستانی اداکاراؤں ماہرہ خان اور مایا علی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بننے والے شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز دیں، تاکہ وہاں جلد سے جلد اس منصوبے کا آغاز ہوسکے۔

پاکستانی اداکاراؤں نے یہ بات دبئی میں شوکت خانم میموریل فنڈ ریزنگ مہم کی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان ہر سال شوکت خانم ہسپتال کے فنڈز کے لیے دنیا کے مختلف شہروں میں ایونٹس منعقد کرواتے ہیں۔

شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیے فنڈ جمع کرنے کے لے رکھی گئی تقاریب میں پاکستان کے نامور ستارے شریک ہوتے ہیں، اس سے قبل عائشہ عمر اور علی ظفر جیسے ستارے ایسی تقریبات میں شرکت کر چکے ہیں۔

فنڈ جمع کرنے کے مقصد کے لیے دبئی میں منعقد کی گئی تقریب میں اداکارہ مایا علی اور ماہرہ خان شرکت کی۔

ان دونوں کے ساتھ ساتھ اسٹیج پر فخر عالم بھی موجود تھے، جنہوں نے ہسپتال کے لیے فنڈز دینے کے لیے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی تاکہ کراچی میں بھی اس قسم کا ہسپتال بنایا جاسکے۔

ماہرہ خان کا ایونٹ میں موجود افراد سے کہنا تھا کہ ’میں وعدہ کرتی ہوں اگر آپ شوکت خانم ہسپتال جائیں گے، وہاں فنڈز دینے کے لیے آپ کو میری یا کسی کی ضرورت نہیں پڑے گی، وہاں دیا جانے والا ہر عطیہ ضرورت مندوں کے کام آتا ہے‘۔

اس ایونٹ میں رضوان اینڈ معظم قوال نے پرفارم بھی کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال علی ظفر اس ہسپتال کے لیے جمع ہونے والی فنڈز کی مہم کا حصہ تھے، جبکہ عائشہ عمر نے ایونٹ کی میزبانی کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں