بھارت نے پانچویں بلائنڈ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بلائنڈ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کے کپتان اجے کمارریڈی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان بلائنڈ ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے بدر منیر 57، ریاست خان 48 اور کپتان نثارعلی 47 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

عالمی چمپئین کے اعزاز کا دفاع کے لیے بھارت نے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔

بھارت نے مطلوبہ ہدف 39 ویں اوور میں 8 وکٹوں پر حاصل کیا۔

عالمی چمپیئن بھارت کی جانب سے سنیل رمیش نے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اجے ریڈی کے 62، پرکاش 45 اور وینکٹش نے 35 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلےبازوں میں شامل رہے۔

پاکستان کے ہارون، بدر منیر، اسرارالحسن اور عامر اشفاق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے سابق عظیم بلے باز ظہیر عباس تھے جنھوں نے ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے قونصل جنرل بریگیڈیر (ر) جاوید حسن، ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے، پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ، رمادا ہوٹل عجمان کے جنرل منیجر افتحار ہمدانی، بھارت کے سابق وکٹ کیپر سید مجتبیٰ کرمانی، پی بی سی سی کے حکام سیمت کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ایونٹ کے اختتام پر بی ون کیٹیگری میں پاکستان کے عامر اشفاق، بی ٹو کیٹیگری میں پاکستان ہی کے بدر منیر اور بی تھری کیٹیگری میں سری لنکا کے چندانہ دیش پڑا کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سید سلطان شاہ نے مہمان خصوصی اور دیگر کو بھی خصوصی شیلڈز پیش کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں