کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی واحد فرنچائز ہے جس نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے تمام واجبات ادا کردیے ہیں اور 2016 میں اپنے آغاز سے ہی اپنی تمام ذمہ داریوں کو پوری کرنے کا زبردست ریکارڈ رکھتی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ترجمان نے اخباروں میں شائع رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم دیگر ٹیموں کے حوالے سے بات نہیں کرسکتے کہ انھوں نے پی سی بی کو اپنے واجبات ادا کیے ہیں یا نہیں لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تمام واجبات مقررہ وقت سے قبل ہی ادا کردیے ہیں'۔

پی سی بی میں موجود باوثوق ذرائع کی جانب سے اس بیان کی تصدیق کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہاں، معروف کاروباری تائیکون ندیم عمر کی ملکیت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے زیادہ وقت کی پابندی کرنے اور پی ایس ایل کی تمام ٹیموں میں سے زیادہ ثابت قدم ہے اور اب تک اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کررہی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد خطرے میں

ذرائع کا کہنا تھا کہ 'یہ سچ ہے کہ پی سی بی، پی ایس ایل کی پانچوں ٹیموں کی جانب سے عدم ادائیگیوں کے باعث اہم مالی بحران کا سامنا کررہا ہے جس کے باعث مقبول لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد پر شبہات پیدا ہوئے ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ 'سنگین صورت حال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے اور بورڈ اس کو بچانے کے لیے مختلف اقدامات پر نظر ڈال رہا ہے'۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی یہ رپورٹ سامنے آگئی تھی کہ فنڈز کی کمی کے سبب رواں سال پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد کھٹائی میں پڑ سکتا ہے کیونکہ چھ میں سے پانچ فرنچائزوں نے اب تک پی سی بی کو واجبات کی ادائیگی نہیں کی ہے۔

پی سی بی نے واجبات کی ادائیگی کیلئے 15نومبر 2017 تک کی مہلت دی تھی لیکن اس مہلت کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اب تک فرنچائزوں نے بورڈ کو رقم کی ادائیگی نہیں کی۔

باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا تھا کہ پی سی بی کو 22 فروری سے 25 مارچ تک متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں ایونٹ کے انعقاد کے لیے درکار 50 لاکھ ڈالر سے 60 لاکھ ڈالرز کے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں