بولی وڈ اداکار اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں، تاہم انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کئی سال گزارنے والے سیف علی خان اب تک سوشل میڈیا پر موجود نہیں۔

این ڈی ٹی وی چینل کے ایک ایونٹ میں سیف علی خان نے اپنے مداحوں سے بات چیت کی، جہاں ایک مداح نے ان سے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹ نہ بنانے کی وجہ پوچھی۔

مزید پڑھیں: کرینہ اور سیف کے بیٹے سے متعلق 4 دلچسپ باتیں

نکی نامی مداح نے سیف سے سوال کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنا اکاؤنٹ کیوں نہیں بتانے، جبکہ بولی وڈ کی زیادہ تر شخصیات سوشل میڈیا پر موجود ہیں، اور کیا سیف کو ایسا نہیں لگتا کہ انہیں اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے اکاؤنٹ بنانا چاہیے۔

اس پر سیف علی خان کا کہنا تھا کہ ان کی سوچ ایسی ہے کہ جو سب کررہے ہوں وہ ان کے لیے کرنا ضروری نہیں۔

سیف علی خان نے مزید کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ اگر میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہوتا تو شاید میں دنیا کا سب سے بڑا دکھاوے باز آدمی ہوتا، یہ میرا گھر ہے، میں ایسے جوتے پہنتا ہوں، میں اس گھر میں رہتا ہوں، تو یقیناً میرے خیال میں لوگ مجھ پر تنقید کرتے، یا میں بےگھر افراد کے ساتھ تصویر شیئر کرتا اور لکھتا کے میں بہت رحم دل ہوں، تو یقیناً لوگ مجھے جعلی سمجھتے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہر اداکار کی سوچ الگ ہوتی ہے، میرا ماننا ایسا ہی ہے کہ مجھے اپنی رائے سوشل میڈیا پر دینے کی ضرورت نہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’کالا کنڈی‘ کے لیے پہلی پسند سیف نہیں فواد خان

خیال رہے کہ سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور خان بھی سوشل میڈیا پر موجود نہیں۔

کرینہ کپور کا بھی ماننا ہے کہ اداکار کا سوشل میڈیا پر ہونا ضروری نہیں، ہر شخص کی نجی زندگی ہونا بےحد ضروری ہے۔

واضح رہے کہ سیف علی خان کی آخری ریلیز فلم ’کالاکنڈی‘ میں انہوں نے نہایت منفرد کردار ادا کیا تھا، تاہم فلم باکس آفس پر بہت اچھا بزنس کرنے میں ناکام رہی۔

تبصرے (0) بند ہیں