سام سنگ گلیکسی ایس نائن 25 فروری کو پیش ہوگا

25 جنوری 2018
کانیسپٹ گلیکسی ایس نائن — فوٹو بشکریہ فوربس
کانیسپٹ گلیکسی ایس نائن — فوٹو بشکریہ فوربس

سام سنگ نے آخرکار اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس 9 کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے میڈیا اداروں کو بارسلونا میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس کے آغاز سے ایک دن پہلے یعنی 25 فروری کو گلیکسی ایس نائن کو متعارف کرانے کی تقریب میں شرکت کے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔

تعارفی تقریب سے ہٹ کر بھی سام سنگ نے اپنی فلیگ شپ ایس سیریز کے نئے فون کے کیمروں میں نمایاں بہتری کی تصدیق کی ہے۔

مزید پڑھیں : گلیکسی ایس 9 کی پہلی جھلک سامنے آگئی

کمپنی نے زیادہ تفصیل تو نہیں بتائی مگر دعوت نامے پر یہ ضرور لکھا ہے کہ کیمرہ پہلے سے بالکل مختلف ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

اس سے حالیہ عرصے میں سامنے آنے والی ان افواہوں کی تصدیق ہوتی ہے کہ ایس نائن ڈوئل رئیر کیمرہ سیٹ اپ سے لیس ہوگا، جیسے آئی فون ایکس اور دیگر کمپنیوں کے فونز ہیں۔

اسی طرح ایک افواہ یہ بھی سامنے آئی ہے کہ سام سنگ کے اس فون میں کیمرے ایک نئے امیج سنسر سے لیس ہوں گے جو کہ فی سیکنڈ ایک ہزار تصاویر کھینچنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا اور ایسا فیچر فی الحال آئی فون یا کسی اور اسمارٹ فون میں موجود نہیں۔

ان افواہوں میں کتنی صداقت ہے، وہ تو اگلے ماہ معلوم ہوجائے گا مگر یہ تو واضح ہے کہ سام سنگ نے اس ڈیوائس پر زیادہ توجہ کیمرے پر ہی دی ہے۔

یہ ان کے لیے زیادہ اچھی خبر ہے جو گزشتہ سال کے ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس میں کیمرہ زیادہ بہتر نہ ہونے پر مایوس ہوئے تھے۔

سام سنگ کی جانب سے ایس سیریز کے دو نئے فونز ایس نائن اور ایس نائن پلس متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جن کا ڈیزائن گزشتہ سال کے ایس ایٹ جیسا ہی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : گلیکسی ایس 9 میں یہ تبدیلی پسند کریں گے؟

مگر اس میں طاقتور کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر، ایپ کے فیس آئی ڈی کا سام سنگ کا اپنا ورژن اور فنگر پرنٹ ریڈر پہلے کے مقابلے میں مختلف مقام پر ہونے کا امکان ہے۔

اس کی قیمت بھی ایک ہزار ڈالرز یعنی ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ہونے کی توقع ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایس سیریز کا سب سے مہنگا فون ثابت ہونے والا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں