بولی وڈ اداکارہ تاپسی پنو جو انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اکثر و بیشتر خواتین کے حقوق پر بات کرتی نظر آتی ہیں کو اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے ’پنک‘ جیسی بولی وڈ فلم کے بعد ’جڑواں 2‘ سائن کی۔

2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پنک‘ تین خواتین کی انصاف حاصل کرنے کی جنگ پر مبنی کہانی تھی جس میں تاپسی پنو کے علاوہ امیتابھ بچن نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی فلم 'پنک' کی اقوام متحدہ میں نمائش

جس کے بعد 2017 میں ان کی کامیڈی فلم ’جڑواں 2‘ ریلیز ہوئی، جس میں سب سے اہم کردار ورن دھون کا تھا، جبکہ تاپسی نے فلم میں کوئی اہم کردار ادا نہیں کیا، البتہ وہ ورن کی گرل فرینڈ کے طور پر نظر آئیں۔

اس حوالے سے جب اداکارہ نے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ جڑواں 2 میں کام کرنا ان کا سوچا سمجھا فیصلہ تھا، کیوں کہ وہ کسی دقیانوسی باتوں کا حصہ نہیں بننا چاہتی تھیں۔

تاپسی پنو نے مڈ ڈے کو بتایا کہ ’انڈسٹری میں بہت جلدی کسی بھی چیز سے آپ کو جوڑ دیا جاتا ہے، لوگوں نے ایسا کہنا شروع کردیا تھا کہ میں صرف خواتین پر مبنی فلموں میں کام کررہی ہوں، میں نہیں چاہتی کے مجھ پر مہیلا مورچا کا حصہ ہونے کا لیبل لگ جائے، میں اپنے پاس گلوکاری اور ڈانس کے آپشنز رکھنا چاہتی ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: فلم ریویو: ’جڑواں 2‘ ایک تفریحی اور بولڈ فلم

انہوں نے مزید کہا کہ ’بہت سارے لوگوں کو میری فلم پنک سمجھ ہی نہیں آئی تھی، اور میں چاہتی ہوں میں ایسا کام کروں جو سب کو سمجھ آئے‘۔

تاپسی پنو نے جڑواں 2 کا حصہ بننے کے حوالے سے کہا کہ ’جڑواں 2 جیسی فلموں کا حصہ بن کر مجھے یقین ہے کہ میرے مداحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا، جو مجھے اور مضبوط کرداروں میں دیکھنے کے خواہش مند ہوں گے‘۔

وہ اس وقت اپنی رومانوی کامیڈی فلم ’دل جنگلی‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو رواں سال 16 فروری کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں