وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لیبیا کے سمندر میں مہاجرین کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت کے بعد چار مبینہ انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے میں لیبیا کے سمندر میں مہاجرین کی کشتی الٹنے سے 16 پاکستانیوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر پاکستانی مہاجرین کا تعلق پنجاب کے اضلاع منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا، گجرات اور راولپنڈی سے تھا۔

مزید پڑھیں: لیبیا میں کشتی کے حادثہ میں 16 پاکستانی جاں بحق ہوئے، دفتر خارجہ

اس حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا تھا کہ حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد اور ایک 5 سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوئی تھی۔

گرفتار یوں کے حوالے سے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر مفخر عدیل نے بتایا کہ چاروں مشتبہ افراد کو گجرانوالہ، گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ چھاپے انسانی اسمگلروں کے خلاف کیے گئے کریک ڈاؤن کا حصہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: لیبیا:مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 11 پاکستانیوں سمیت 90 افراد جاں بحق

یاد رہے کہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے گزشتہ برس نشاندہی کی تھی کہ یورپ داخلے کی کوشش کرنے والے شہریوں میں پاکستان کا نمبر 13 واں ہے اور 2017 میں 3 ہزار 138 پاکستانی اٹلی پہنچے تھے تاہم کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی تھی۔

تاہم رواں برس پاکستان تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے کیونکہ جنوری میں 240 کے قریب پاکستانی اٹلی پہنچ چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں