مظفر آباد/ اسلام آباد: پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آج (5 فروی ) کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف ہیں۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے حق خود ادرایت کے لیے کمشیری عوام 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد بھارتی فوجیوں سے لڑ رہے ہیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنے حق خوداردایت کو حاصل کرسکیں۔

مزید پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر: پاک فوج کا نیا نغمہ ریلیز

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیاسی و شخصیات کی جانب سے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف مقامات پر آج ریلیاں، جلسے، جلوس اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جائے گا جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے آزاد کشمیر سے ملنے والے راستوں پر ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، جس میں دونوں طرف کی اعلیٰ شخصیات شرکت کرکے بین الاقوامی برادری اور بھارت کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستانی اور کشمیری عوام دو دلوں میں ایک روح کی مانند ہیں۔

اس کے علاوہ یوم کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مظفر آباد کا دورہ کریں گے اور آزاد جموں کشمیر ( اے جے کے) قانون ساز اسمبلی سے اور آزاد کشمیر کونسل سے خطاب کریں گے اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے، ساتھ ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز پرانے شہر میں کے ایچ خورشید منی اسٹیڈیم میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

دوسری جانب یوم یکہجہتی کشمیر کی مناسبت سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام کشمیر کے ساتھ ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی) کے مطابق اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور انسانی حقوق کے چارٹر پر عمل کرے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق مقبوضہ کشمیر کا حل تلاش کرے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے بدترین ظلم و ستم جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر مذاکرات چاہتے ہیں‘

انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں کیمیکل ہتھیاروں اور پیلیٹ گن کے استعمال کا نوٹس لیں، کشمیری عام اپنے حق خودارادیت کے لیے 70 برسوں سے پر امن تحریک چلا رہے ہیں اور اس دوران انہون نے ہزاروں جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حق خود اردایت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔

علاوہ ازیں پاکستان اور آزاد کشمیر کے علاوہ دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، خاص طور پر امریکا اور برطانیہ میں کشمیری عوام کے حق میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں