اگرچہ ٹی وی چینلز کی براہ راست رپورٹنگ کے دوران کئی ناخوشگوار اور دلچسپ واقعات ہوجاتے ہیں، تاہم اگر کوئی ریکارڈ اور سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت دلچسپ رپورٹنگ کرے تو ایسی رپورٹنگ کی ویڈیوز زیادہ تر وائرل ہوجاتی ہیں۔

اسی طرح صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد کے مقامی نیوز چینل ’سٹی 41‘ کے ایک رپورٹر کی جانب سے اپنی ہی شادی کی رپورٹنگ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر لوگ طرح طرح کے کمنٹس دے رہے ہیں۔

ہوا کچھ یوں کہ ’سٹی 41‘ کے رپورٹر حنان بخاری کی شادی کی رپورٹنگ کے لیے چینل کے ایک اور رپورٹر پہنچے، جہاں انہوں نے پہلے پہل شادی کرنے والے رپورٹر کے شادی کرنے کے انداز کی تعریف کی، کیوں کہ رپورٹر نے بارات کے لیے ہیوی بائیک اور دلہن کو بیاہ لے جانے کے لیے گھوڑی کے بجائے اسپورٹس کار کا انتخاب کیا تھا۔

رپورٹنگ کے لیے آنے والے رپورٹر نے جب شادی کرنے والے حنان بخاری سے پوچھا کہ وہ اپنی شادی کے حوالے سے کیا کہنا چاہتے ہیں تو انہوں نے ساتھی رپورٹر سے مائیک چھین کر خود ہی اپنی شادی کی رپورٹنگ کرنا شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: خراب موسم میں حادثات نہ ہونے کی خبردیتے وقت ہی حادثہ

شادی کرنے والے حنان بخاری نے رپورٹنگ شروع کرتے ہوئے کہا کہ ’ جی بلکل، وہ آج اپنی شادی کی تقریب میں موجود ہیں، جہاں ان کی شادی منائی جا رہی ہے، جس میں ان کے والد، والدہ، ساس، سسر اور دلہن سمیت دوست و احباب موجود ہیں‘۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حنان بخاری نے شادی کے دن اپنی شادی کی خود ہی رپورٹنگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سب سے پہلے اپنے والد سے بات کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ ’آج ان کے بیٹے کی شادی ہے، اس حوالے سے ان کا کیا کہنا ہے‘۔

حنان بخاری کے والد نے اپنے دولہا بیٹے کی جانب سے رپورٹنگ کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام والدین کو اپنے بچوں کی ایسی شادی کرنے کی ہمت دے۔

اپنے والد سے بات کرنے کے بعد رپورٹر نے اپنی ہی دلہن سے بات کی، تاہم ان سے بات کرنے سے قبل انہوں نے اپنی محبت کی داستان بھی سنائی۔

مزید پڑھیں: نشریات کے دوران نیوز اینکر کے ہاں بچے کی پیدائش

حنان بخاری کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ہونے والی دلہن کی محبت میں گزشتہ 4 سال سے ان کے مجنوں بنے پھر رہے تھےاور 4 سال کی محنت کے بعد ہی لڑکی نے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی۔

رپورٹر نے اپنی ہونے والی دلہن سے سوال کیا کہ ’آج ان کی شادی رپورٹر کے ساتھ ہو رہی ہے، اس حوالے سے دلہن کا کیا کہنا ہے؟ جس پر دلہن نے شرماتے ہوئے مختصر جواب دیا کہ ’وہ بہت خوش ہیں‘۔

دلہن کے مختصر جواب پر دولہے رپورٹر کی تسلی نہ ہوئی، اور انہوں نے اپنی دلہن کو کہا کہ بس وہ صرف خوش ہیں، اور کچھ نہیں کہیں گی، جس پر دلہن نے کہا کہ ’وہ کچھ اور نہیں کہنا چاہتیں‘۔

اسکرین
اسکرین

دولہے رپورٹر حنان بخاری نے دلہن سے مزید باتیں کروانے کے لیے انہیں اپنی محنتیں گنوانا شروع کرتے ہوئے کہا کہ ’ انہوں نے اپنی ہونے والی دلہن کو بیاہ لے جانے کے لیے اتنی محنت کی، اسپورٹس کار لے کر آئے، ہیوی بائیکس لے کر آئے تاکہ لوگ دیکھیں، پورا شہر دیکھے اور ایک وہ ہیں کہ ان کی طرف دیکھ ہی نہیں رہی‘۔

انہوں نے اپنی دلہن سے ایک اور سوال کیا کہ ’وہ ان کے لیے ہیوی بائیکس اور اسپورٹس کار لے کر آئے‘ اس حوالے سے ان کا کیا کہنا ہے، جس پر بیچاری دلہن کو تسلیم کرنا ہی پڑا کہ وہ دولہے کی اس کوشش سے بہت خوش ہیں، کیوں کہ انہوں نے اپنی ہونے والی دلہن کی پہلی خواہش پوری کی، ساتھ ہی دلہن نے اس بات کی امید بھی ظاہر کی کہ ان کے دولہے ان کی تمام خواہشیں پوری کریں گے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بعد ازاں رپورٹر نے اپنی ساس سے بھی بات کی، جنہوں نے بھی اس طرح کی شادی اور رپورٹنگ پر خوشی کا اظہار کیا۔

حنان بخاری نے اپنی شادی کی رپورٹنگ کرتے ہوئے اپنی والدہ سے بھی بات کی، جو جذبات میں آکر آبدیدہ ہوگئیں، جس پر دولہے رپورٹر نے وضاحت کی کہ یہ خوشی کے آنسوں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جب نیوز کاسٹرنے اپنے شوہر کے ہلاک ہونے کی خبر دی
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حنان بخاری کی جانب سے اپنی ہی شادی کی خود ہی رپورٹنگ کی ویڈیو کو اب تک 2400 سے زائد بار شیئر کیا گیا، جب کہ اسے اب تک سوا 2 لاکھ کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے۔

سٹی 41 کے آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کی جانے والی اس ویڈیو پر درجنوں افراد نے کمنٹس بھی کیے، جن میں سے متعدد افراد نے اس عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافت کا جنازہ نکالنے کے مترادف قرار دیا۔

تاہم زیادہ تر افراد نے اس ویڈیو پر مزاحیہ اور دلچسپ کمنٹس کیے، اور کئی صارفین نے اپنی ہی شادی کی رپورٹنگ کرنے والے رپورٹر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں