لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی شیلنگ سے آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو شہری جاں بحق ہوگئے۔

آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی انتظامیہ کے حکام نے ڈان نیوز کو واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی شیلنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد ہسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ڈپٹی کمشنر پونچ راجہ طاہر ممتاز کا کہنا تھا کہ پیر کے روز وادی کشمیر کے علاقے بٹل اور اس کے گردو نواح میں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 33 سالہ ماجد، 65 سالہ کبیر، 45 سالہ اورنگزیب اور 22 سالہ خرم زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 4 جوان شہید

ان کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حاجرہ میں طبی امداد دی گئی بعد ازاں انہیں شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال راولہ کوٹ منتقل کردیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کبیر اور اورنگزیب ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے تھے۔

علاوہ ازیں نکیال کے اسسٹنٹ کمشنر ولید انور کے مطابق پیر کے روز ضلع کوٹلی کے گاؤں دھاروتی ناری اور تارکنڈی میں 12 سالہ علیزا اشتیاق اور 30 سالہ شاہد محمود زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی شیلنگ، 8 شہری زخمی

خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی (سیز فائر) معاہدے کی خلاف ورزی کے واقعات اکثر رونما ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں