ماڈل، فیشن ڈزائنر و کیٹ واک ایونٹ مینجمنٹ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) فریحہ الطاف نے ایئرپورٹ پر ایک خاتون کی ویڈیو بنانے اور ان کے لباس سے متعلق اپنی بات پر معذرت کرلی۔

فریحہ الطاف نے ٹوئٹر پر ان تمام افراد سے معذرت کرلی، جنہیں ان کی بنائی گئی ویڈیو سے تکلیف ہوئی۔

فریحہ الطاف نے اب وہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر سے ہٹادی ہے، تاہم بعض صارفین نے اس ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اپنے اکاؤنٹس پر شیئر کیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون کو ایئرپورٹ پر سرخ رنگ کا کوٹ پہنا ہوا ہے، جو زیادہ تر قوال حضرات پہنتے ہیں۔

فریحہ الطاف نے اس خاتون کی ویڈیو اس وقت بنائی، جب وہ خاتون ان کے آگے چل رہی تھیں۔

اگرچہ ویڈیومیں فریحہ الطاف کو نہیں دیکھا جاسکتا، اور نہ ہی متاثرہ خاتون کا چہرہ دکھائی دیتا ہے، تاہم فریحہ الطاف یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہی ہیں کہ انہوں نے طویل عرصے بعد خاتون کو قوالوں کی طرز کے لباس میں دیکھا۔

فریحہ الطاف کی جانب سے خاتون کی ویڈیو بنائے جانے کے عمل پر رفعت عالم نامی خاتون نے اپنی فیس بک پوسٹ میں فریحہ الطاف پر تنقید کرتے ہوئے انہیں نام نہاد پاکستانی شہزادی، بچوں کے حقوق کی علمبردار اور شخصیت قرار دیا۔

رفعت عالم نے لکھا کہ فریحہ الطاف نے نہ صرف خاتون کی تصاویر کھینچیں، بلکہ اس کی ویڈیو بھی بنائی اور اس کے لباس کے حوالے سے جارحانہ کمنٹس دیے۔

رفعت عالم کے مطابق اگر مجموعی طور پر کوئی کسی اہم عہدے پر ہوتا ہے، تو اس کے ہر عمل کو تسلیم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اس عمل کے حوالے سے فریحہ الطاف کو ذاتی پیغام ارسال کیا، جس کا اسکرین شاٹ انہوں نے شیئر کیا۔

رفعت عالم کی جانب سے فریحہ الطاف کو بھیجے گئے پیغام میں اگرچہ ان کے کام کی تعریف کی گئی، تاہم انہیں یہ بھی کہا گیا کہ انہیں عام افراد سے پیش آنے کا سلیقہ سیکھنا چاہیے۔

رفعت عالم کی اس پوسٹ پر کئی افراد نے کمنٹس کیے، جنہوں نے فریحہ الطاف کے عمل کی مذمت کی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سوشل میڈیا پر تنقید کیے جانے کے بعد فریحہ الطاف نے اپنے عمل پر معزرت کرتے ہوئے ویڈیو کو ڈیلیٹ کردیا، جب کہ مداحوں سے ٹوئیٹ کے ذریعے معذرت بھی کی۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ ہر وقت فیشن اور لباس سے متعلق باتیں کرتی رہتی ہیں، مگر انہوں نے کبھی بھی کسی پر منفی تبصرہ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ فریحہ الطاف ٹوئٹر پر متحرک رہتی ہیں، وہ نہ صرف فیشن بلکہ بچوں پر تشدد، خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور ملک میں ہونے والے ماورائے عدالت اقدامات پر بھی بات کرتی رہتی ہیں۔

فائل فوٹو: ڈان امیجز
فائل فوٹو: ڈان امیجز

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Feb 08, 2018 05:41pm
معاف کردیا