آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن (ایل او سی) کی دوسری جانب سے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

نکیال کے اسسٹنٹ کمشنر ولید انور کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیے گئے شیل ضلع کوٹلی کے نکیال سیکٹر کے گاؤں ترکنڈی اور سیمٹی مجھان میں گرے جس کے نتیجے میں 25 سالہ محمد شاہ نواز اور 9 سالہ حسن زخمی ہوگئے۔

دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق کوٹلی کے تتہ پانی سیکٹر میں گاؤں جونوبی گرڈ میں 10 سالہ صائمہ اور خوریٹہ سیکٹر کے گاؤں چھتر میں 36 سالہ نگینہ زخمی ہوئیں جنھیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہستپال کوٹلی منتقل کردیا گیا۔

پونچھ کے ڈپٹی کمشنر راجا طاہر ممتاز کا کہنا تھا کہ ضلع پونچھ میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی ذد میں آکر 18 سالہ لڑکا محمد نذیر زخمی ہوا جو موٹر سائیکل میں اپنے کام سے جارہے تھے۔

حکام کے مطابق 24 سالہ صبا آزاد بھی ضلع پونچھ میں ہی زخمی ہوئیں۔

مزید پڑھیں:لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو شہری جاں بحق

راجا طاہر ممتاز کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو راولا کوٹ کے پر خطر راستے کے باعث ضلع کوٹلی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی ملحق کئی سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی اور عام آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی فوج نے بھارتی کی جانب سے کی گئی بلااشتعال فائرنگ کا موثر جواب دیا اور جن بھارتی پوسٹ سے فائر کیا گیا تھا ان کو نشانہ بنایا'۔

خیال رہے کہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری میں بھارت کی جانب سے 2003 میں جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے نتیجے میں نہتے شہریوں کا جانی اور مالی نقصان ہوتا ہے۔

گزشتہ ہفتے بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں پونچھ اور کوٹلی کے اضلاع میں دو افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے۔

ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق رواں سال مختصر عرصے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 7 شہری جاں بحق اور 41 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں