آئی فون ایکس جیسا انتہائی سستا اسمارٹ فون

12 فروری 2018
— فوٹو بشکریہ اوکی ٹیل
— فوٹو بشکریہ اوکی ٹیل

آئی فون ایکس (10) ایپل کا سب سے مہنگا اور بہترین ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ فون ہے جس کی قیمت ایک ہزار ڈالرز (ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوتی ہے۔

مگر کیا آپ آئی فون ایکس جیسے خوبصورت ڈیزائن والا فون صرف بیس ہزار روپے کے اندر خریدنا پسند کریں گے؟

مزید پڑھیں : ایپل کا سب سے 'بہترین' آئی فون ایکس

اگر ہاں تو چینی کمپنی اوکی ٹیل کا نیا فون آپ کو ضرور پسند آئے گا۔

جی ہاں اوکی ٹیل یو 18 نامی فون دیکھنے میں آئی فون ایکس جیسا ہے مگر اس کی قیمت ایپل کے فلیگ شپ فون کے مقابلے میں 80 فیصد کم ہے۔

یو 18 بیزل لیس ڈسپلے اور آئی فون ایکس میں موجود ٹیکنالوجی فیس آئی ڈی (چہرہ شناخت کرکے ڈیوائس ان لاک کرنے والی ٹیکنالوجی) سے لیس ہے ۔

یہاں تک کہ اس کی اسکرین کے اوپر وہ نوچ بھی دیا گیا جو آئی فون ایکس میں کیمرے اور چہرے کی شناخت والے ہارڈوئیر کے لیے دیا گیا ہے۔

درحقیقت یہ دونوں فونز دیکھنے میں اتنے ملتے ہیں کہ ان کی پہچان اسی وقت ہوتی ہے جب ایک دوسرے کے ساتھ رکھے ہوں۔

فوٹو بشکریہ اوکی ٹیل
فوٹو بشکریہ اوکی ٹیل

چینی کمپنی کا فون ایپل کی ڈیوائس کے مقابلے میں کچھ بڑا ہے جبکہ اس کے دائیں جانب بٹن بھی دیئے گئے ہیں، اس سے ہٹ کر دونوں فونز جڑواں ہی لگتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون ایکس کے بجائے آئی فون ایٹ کیوں خریدا جائے؟

مگر یہ مشابہت اس وقت ختم ہوجاتی ہے جب فون کو پلٹ کر دیکھا جائے۔

چینی کمپنی کے فون میں ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ عمودی انداز سے ڈیوائس کے درمیان میں دیا گیا ہے جبکہ آئی فون ایکس میں یہ بائیں جانب موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ اوکی ٹیل
فوٹو بشکریہ اوکی ٹیل

اسی طرح یو 18 میں فنگرپرنٹ اسکینر بھی موجود ہے جبکہ آئی فون ایکس میں ایپل نے یہ نہیں دیا۔

اسی طرح یو 18 اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلتا ہے جبکہ یو ایس بی سی پورٹ چارجنگ کے لیے دی گئی ہے۔

یہ فون بلیک اور گولڈ رنگوں میں دستیاب ہے۔

اور ہاں اس کی قیمت 180 ڈالرز (لگ بھگ بیس ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔

اگر آپ اسے خریدنا چاہتے ہیں تو جلدی کرنا ہوگی کیونکہ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ میں واضح الفاظ میں لکھا ہے کہ ایسے صرف 999 فونز ہی فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں