لاہور: پاکستان سپر لیگ کا آغاز آئندہ ہفتے سے متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے اور شائقین کرکٹ کی پاکستان سپر لیگ اور اپنی ٹیموں میں دلچسپی کو بڑھانے کیلئے ٹیموں کی جانب سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلہ میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی سمیت تمام فرنچائزوں کی جانب سے میچز کے انعقاد اور گانے جاری کرنے سمیت مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ۔

اسی سلسلے میں پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیا گانا ’’لیاری از یونائیٹڈ‘‘ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

گانے کی وڈیو کے آغاز میں لیاری انڈر گراؤنڈ بوائز کا مختصر انٹرویو دکھایا گیا ہے جنہوں نے بتایا کہ لیاری کبھی گینگز کے حوالے سے مشہور تھا لیکن ہم نے کوشش کی کہ اس کو کھیلوں اور موسیقی کی پہچان دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

لیاری فٹ بال گراؤنڈ میں لڑکیوں کو فٹبال کی پریکٹس کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ کھلاڑیوں نے اپنی گفتگو میں مختصر گفتگو میں کھیل سے رغبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ فٹبال صرف لڑکوں کا کھیل نہیں اور لڑکیاں بھی یہ کھیل بھرپور طریقے سے کھیل سکتی ہیں۔

’’لیاری از یونائیٹڈ‘‘ گانے کے ساتھ مقامی اسکول کے بچوں کی گھروں کو واپسی بھی عکسبند کی گئی ہے جبکہ گلیوں میں دیگر لوگ بھی لیاری انڈرگراؤنڈ بوائز کی منفرد گائیکی پر جھومتے نظر آتے ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم کا گانا چند روز پہلے جاری کیا جا چکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں